حکومت جموں و کشمیر کے خلاف 10 کروڑ روپے ہرجانہ کا مقدمہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-03

حکومت جموں و کشمیر کے خلاف 10 کروڑ روپے ہرجانہ کا مقدمہ

سری نگر
یو این آئی
باندی پورہ کی ایک عدالت نے حکومت جموں و کشمیر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اسلامی تنظیم آزادی کے صدر نشین عبدالصمد ملاح عرف انقلابی کی جانب سے دائر کردہ ہتک عزت مقدمہ میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ملاح نے گزشتہ20سال کے دوران مختلف قوانین کے تحت انکی وقفہ وقفہ سے گرفتاری کی تلافی کے لئے10کروڑ روپے کا معاوضہ طلب کیا ہے ۔ پرنسپال ڈسٹرکٹ و سیشن جج کی عدالت نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ آئندہ تاریخ سماعت4اگست تک جواب داخل کرے ۔، 3جون کو عدالت نے سرکاری مدعی علیہان بشمول چیف سکریٹری اور ڈائکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ جواب داخل کریں ۔ اس وقت سونا واری کے تحصیلدار نے اپنی رپورٹ میں کہا تھاکہ ملاح کی کوئی منقولہ یا غیر منقولہ جائیداد نہیں ہے ۔ بہر حال مدعی علیہان نے کوئی جواب داخل نہیں کیا تھا اور عدالت نے انہیں تازہ نوٹس جاری کی ہے ۔، ملاح نے معاوضہ کی ادائیگی کے لئے ایک مقدمہ دائرکیا ہے اور کہا ہے کہ عوامی سلامتی قانون، ٹاڈا اور دیگر قوانین کے تحت گزشتہ20سال کے دوران بار بار گرفتاری کی وجہ سے انکے گھریلو حالات بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام صلاحیتوں اور مالی منفعت کے لئے کام کرنے کی صلاحیت سے محروم ہوچکے ہیں ۔، غیر قانونی حراست، دھمکانے ، نگرانی اور دیگر جبری حرکتوں کے سبب ان کا جسم و ذہن بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ لہذا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی غلطیوں کی تلافی کرتے ہوئے انہیں معاوضہ ادا کرے ۔ انہوں نے اپنی درخواست میں کہا کہ انہیں جو نقصانات پہنچائے گئے ہیں ، جس تکلیف ، دکھ درد اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہے ، اس کے معاوضہ میں انہیں10کروڑ روپے ادا کئے جائیں ۔ ملاح نے اس کیس میں ریاستی حکومت ، چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو فریق بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20سال کے دوران انہیں عوامی سلامتی قانون ، ٹاڈا اور دیگر قوانین کے تحت زائد از35مرتبہ گرفتار کیا گیا ۔ بعد ازاں عدالت نے سنبھل کے تحصیلدار اور محکمہ مال کے دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ملاح کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد اور ان کے بینک بیالنس کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کریں ۔

File report on a suit filed by Inquilabi demanding Rs 10 crore, court to J&K govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں