مودی کے اوتار II کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت - ڈگ وجے سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

مودی کے اوتار II کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت - ڈگ وجے سنگھ

کانگریس کے سینئر لیڈر ڈ گ وجے سنگھ نے پارٹی رفیق ششی تھرور کے ان ریمارکس کے چند روز بعد کہ وزیر اعظم نریندر مودی جدیدیت اور ترقی کا اوتار دھار رہے ہیں، آج کہا کہ ان کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اور حکومت پر نگاہ رکھنے اور اس کی کارکردگی کا انتظار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ انتخابات کے بعد انہیں عوام تک پہنچنے کی ضرورت تھی۔ اوتارIIکیسا ہوگا اس ضمن میں ہمیں انتظار کرنے اور دیکھنے کی ضرورت ہے۔ فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ۔ مودی کی کارکردگی پر تھرور کے خیالات کے بارے میں سوال پر ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ایک ماہ بھی نہیں گزرا ۔ اسی دوران نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے بموجب ڈگ وجے سنگھ نے پارٹی کے ترجمان ششی ترھور کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مودی کی کارکردگی کے بارے میں فوری نتیجہ اخذ نہ کریں۔ واضح رہے کہ کانگریسی قائدین نے نریندر مودی کی ستائش پر تھرور پر سخت تنقیدیں کیں۔ ڈگ وجے سنگھ نے ٹوئٹر پر آج کہا کہ’’مودی اوتار2؟ فوری نتیجہ اخذ مت کیجئے بلکہ دیکھئے اور انتظار کیجئے‘‘۔ کانگریس نے مودی کی ستائش پر تھرور سے کل دوری اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا تبصرہ شخصی ہے ۔ سینئر کانگریسی لیڈر منی شنکر ایر نے بھی تھرور پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ناتجربہ کار قرار دیا ۔ ایر نے یہ بھی کہا کہ انہیں اس بات پر مایوسی ہے کہ تھرور جیسے ایک سمجھدار شخص نے اس انداز میں فوری نتیجہ اخذ کرلیا اور حد سے زیادہ ستائشی تبصرہ کیا ۔ تھرور نے گزشتہ شب ٹوئٹر پر کہا کہ جس طرح میں نے ماضی میں نریندر مودی کے خلاف تنقیدوں پر قائم رہا اسی طرح ان کے بارے میں حالیہ ستائشی ریمارکس کئے ۔ میں ان کے مستقبل کے اقدامات پر نظر رکھوں گا۔ٹوئٹر پر ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے آزاد خیال افراد کو سمجھنا چاہئے کہ ہم صرف معیاری بحث کے ذریعہ جیت حاصل کرسکتے ہیں نہ کہ برہمی کی شدت سے ۔ قبل ازیں امریکہ کی ایک نیوز ویب سائٹ پر تھرور نے ریمارک کیاتھا کہ مودی خود ایک نفرت انگیز شخصیت سے جدیدیت اور ترقی کے ایک اوتار میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ واضح رہے کہ اے آئی سی سی پوڈیم میں چہار شنبہ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران تھرور نے کہا تھا کہ انتخابات میں فتح کے بعد مودی کا تبدیل شدہ رویہ اور لہجہ حیرت انگیزطور پر باوقار رہا ہے حتی کہ انہوں نے ان کے لئے ووٹ نہ دینے والوں کے ساتھ بھی نرم دلی کا اظہار کیا ۔ ہمیں اعتراف کرنا چاہئے کہ یہ مودی دوم کا ارتقاء ہوسکتا ہے ۔ اگر مودی اول ابھرے تو ہم یقیناًان کی مخالفت کریں گے ۔

Have to wait and watch for Narendra Modi's avatar II: Digvijay Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں