میرے پاؤں چھونے کے بجائے مسائل پر توجہ دیں - وزیر اعظم مودی کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

میرے پاؤں چھونے کے بجائے مسائل پر توجہ دیں - وزیر اعظم مودی کی ہدایت

dont-touch-my-feet-Modi-to-MPs
چاپلوسی کے کلچر پر ضرب لگاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ ان کے اور دیگر قائدین کے پاؤں چھونے کا طریقہ ترک کردیں ۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جو پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقد ہوا تھا،پارٹی کے نو منتخب ارکان پر پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ان سے کہا کہ وہ کسی کے پاؤں کو ہاتھ نہ لگائیں اور چاپلوسی میں ملوث نہ ہوں۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ نئے ارکان پارلیمنٹ کا حوالہ دے رہے تھے جو مودی سے ملاقات کے وقت ان کے پاؤں چھوتے ہیں۔ مودی نے ان سے کہا کہ وہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے سخت محنت کریں۔ انہوں نے بظاہر کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی’’میرے پاؤں نہ چھوئیں‘‘۔ واضح رہے کہ بی جے پی گاندھی خاندان کے حوالہ سے کہا کہ اکثر کانریس پر خوشامد اور چاپلوسی کرانے کا الزام لگاتی رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مودی نے اپنے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور جمہوریت کے مندر میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بتاتے ہوئے اچھے پارلیمنٹرین بنیں۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق حکمراں بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کو انتباہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ان سے کہا کہ وہ زمین سے جڑے رہیں اور پارٹی کی کارکردگی پر اطمینان چھانے نہ دیں۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے نومنتخبہ ارکان پارلیمنٹ کو واضح پیام دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اب اپوزیشن میں نہیں ہے۔ حکومت کے پیام کو عوام تک پہنچانے اور اس کے پروگراموں کو اجاگر کرنے کی کہیں زیادہ بڑی ذمہ داری ارکان پارلیمنٹ پر ہے ۔ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں اپنی20منٹ طویل تقریر میں مودی نے ارکان پارلیمنٹ کو نصیحت کی کہ وہ بنیادی سطح پر عوام سے جڑے رہیں اور اپنی چوکسی میں کمی نہ ہونے دیں ۔ وزیر اعظم نے ان سے یہ بھی کہا کہ وہ ایوان کی کارروائی کو سہل بنانے میں مدد کریں اور پارلیمنٹ کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے اجلاسوں میں پورے وقت کے لئے شرکت کریں ۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی ترجمان کی حیثیت سے میڈیا سے بات نہ کریں بلکہ اس کے بجائے وہ اپنے حلقہ کے مسائل سے انہیں واقف کرائیں ۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ پوری معلومات سے لیس ہوکر آئیں اور پارلیمانی مباحث میں حصہ لینے سے پہلے مناسب طور پر اپنا ہوم ورک کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مباحث کے دوران موجود رہنے سے انہیں مختلف مسائل کے بارے میں سیکھنے کا بہتر موقع ملے گا۔ سینئر بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی نے بھی اپنے خطاب میں بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔ پارٹی نے دو ارکان پارلیمنٹ سے لے کر 282ارکان کی طاقتور فوج بناتے ہوئے جو لمبا سفر طے کیا ہے ، وہ اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ پارٹی نے 2014کے لوک سبھا انتخابات میں خود اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل کی ہے۔ بی جے پی صدر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی نئے ارکان پارلیمنٹ کا خیر مقدم کیا اور ان سے کہا کہ وہ پارٹی کی مزید کامیابی اور عام آدمی کی ترقی کے لئے کام کریں۔

Do research, don't touch my feet: Modi to MPs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں