سری لنکا میں مسلمانوں کے خلاف تشدد قابل مذمت ۔ ایس ڈی پی آئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-20

سری لنکا میں مسلمانوں کے خلاف تشدد قابل مذمت ۔ ایس ڈی پی آئی

سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی نے سری لنکا کے ساحلی علاقوں میں بدھ مت کے بنیاد پرست جو مسلمانوں کے خلاف تشدد اور مسلمانوں کو نشانہ بنا کرجان لیوا حملے کر رہے ہیں اور ان کے املاک کو آتش زنی کے ذریعے نقصان پہنچا رہے ہیں،اس کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ مت کے بنیاد پرستوں کی جانب سے مسلمانوں کے جان و مال پر حملہ قابل مذمت اور قابل تشویش ہے۔ اس ضمن میں پارٹی قومی صدر اے سعید نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں سری لنکن حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سے پہلے کے حالات مزید کشیدہ ہوجائیں اور بے قابو ہوجائیں سری لنکن حکومت فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملک کے اقلیتی مسلمانوں کی جان و مال کی حفاظت کے تعلق سے ٹھوس اقدامات کرے۔پارٹی قومی صدر نے اس بات کی طرف توجہ دلائی ہے کہ (Alutgama) شہر میں مسلمانوں کو محاصرہ کرلیا گیا ہے، اور اب تک اس شہر میں ہوئے تشدد میں چار مسلمانوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ سری لنکن حکومت کو چاہئے کہ وہ اس تشدد کو روکنے کے لیے نفرت انگیز تقریروں اور فساد بھڑکانے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرے اور تمام مذہبی اقلیتوں کی حفاظت کرے۔ انہوں نے اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بوڈو بالا سینا ( بدھسٹ پاور فورس ) جو اس تازہ فسادات اور سری لنکن اقلیتی مسلمانوں کے خلاف تشدد میں ملوث ہے اس تنظیم کو حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف خاص نشاندہی کی کہ گوٹا بھایا راجاپکشے جو سری لنکا کے طاقتور وزیر دفاع اور صدر راجاپکشے کے بھائی ہیں، وہ اس گروپ کے ایک عوامی اجلاس میں نہ صرف شریک رہے بلکہ وہ اس تنظیم کے مقصد کی حمایت بھی کی تھی۔ دریں اثناء قومی صدر اے سعید نے وزیر انصاف رؤف حکیم کے اس بیان کی سراہنا کی ہے جس میں انہوں نے سری لنکن حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ سری لنکن حکومت مسلمانوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اسی طرح امن و امان برقرار رکھنے میں بھی متعلقہ محکمہ ناکام رہے ہیں۔ قومی صدر اے سعید نے سری لنکن حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلمانوں پر حملے میں ملوث قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں، تاکہ فساد متاثر مسلم کمیونٹی کو انصاف ملے اور وہ راحت کی سانس لے سکیں۔

SDPI condemns violence against Muslims in Srilanka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں