اقبال شانہ اور دیوار قہقہہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-20

اقبال شانہ اور دیوار قہقہہ

Deewar-e-Qahqaha-by-Iqbal-Shana
کتاب : اقبال شانہ اور دیوار قہقہہ
مصنف : اقبال شانہ
مبصر : ڈاکٹر سید فضل اللہ مکرم

طنز ، دراصل برہمی اور غصّہ کا مخصوص طرزِ اظہار کا نام ہے۔خالص طنز کسی گالی سے کم نہیں ہوتا اس لیے مزاح کے ساتھ طنز کو شامل کیا جاتا ہے تا کہ پڑھنے والے کے چہرے پرمسکراہٹ کھیلے اور دل میں طنز کی چبھن بھی محسوس ہو اور ساتھ ساتھ اصلاح کا کوئ پہلو بھی روشن ہوسکے۔ پہلی جنگِ آزادی (1857ء) کے بعدطنز و مزاح کو زبردست فروغ حاصل ہوا۔مسلمانوں کی سیاسی' سماجی' معاشی' اور تعلیمی اقدار میں پچھڑ جانے کے بعد ہمارے ادباء و شعراء نے وطنزومزاح کا سہارا لے کر نہ صرف حکمرانِ وقت کی چٹکی لی ہے بلکہ ہاری ہوئ قوم کو مزاح کے ذریعے تازہ دم کرنے کی کوشش کی ہے۔آج بھی یہ کوششیں جاری ہیں اور اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک سماج میں ظلم و زیادتی'نا انصافی اور نا ہمواری کا چلن جاری رہے گا۔
طنزیہ و مزاحیہ ادب میں علاقۂ تلنگانہ خصوصاًًشہرِ حیدرآباد کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔اس شہر نے کئی ایک مزاحیہ شاعر او ر نثرنگار دیے ہیں ان میں ایک اقبال شانہؔ ہیں۔جن کا تعلق شکر نگر بودھن سے ہے۔کہا جاتا ہے کہ وہاں کے لوگ شوگر فری ہوتے ہیں۔ پتہ نہیں اورنگ زیب نے نیند سے بیدار ہوکر بودھن جا ے بودن نیست کیوں کہاتھا اور اس کی نیند کے ٹوٹنے میں بودھن کے شہریوں کا کیا قصور تھا۔یہ بھی مشہور ہے کہ وہاں کے ایک محلہ کا نام رکاس پیٹھ ہے جسے راتوں رات رئیس پیٹھ بنادیا گیا اس طرح اب وہاں صرف رئیس حضرات ہی رہتے ہیں ان میں ایک اقبال شانہ ؔ ہیں۔
اقبال شانہؔ سے شناسائ فیس بک کے ذریعے ہوئ گو کہ ان کا کلام اخبار و رسائل میں شائع ہوتا رہا ہے مگر وہ فیس بک پر غیر معمولی متحرک رہتے ہیں۔اقبال شانہؔ کی دو چار خوبیاں ایسی ہیں جو انہیں انفرادیت بخشتی ہیں۔انہوں نے اقبال جیسے اہم نام کو شانہ ؔ بنادیا۔ دوّم یہ کہ غزل کو عنوان دے کر ایک نیا کام کیا ہے۔اس کے علاوہ موضوعاتی غزل لکھنے کی بدعت کو فروغ دینے میں شانہؔ کا کوئ ثانی نہیں ہے۔ اب تک ان کی تین تصانیف بیاضِ فکر' شانہ بہ شانہ ' شانہ ڈاٹ کام شائع ہوچکی ہیں۔کچھ دنوں قبل انہوں نے اپنی چوتھی تصنیف" دیوارِ قہقہہ" کو شائع فرماکرشرعی عددی حجت کو پورا کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔
مزاح لکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔خود کی ہنسی اڑاکر دوسروں کو ہنسانا ایک غیر معمولی کار نامہ ہے جو صرف مزاح نگار ہی انجام دیتاہے۔اقبال شانہؔ پیشے سے ایک ریڈیو گرافر ہیں اس لیے ان کی تیزنگاہیں کسی ایکسرے سے کم نہیں ہیں۔ان کا مشاہدہ کافی وسیع ہے وہ اپنے تجربات کواپنی ذہانت وذکاوت سے اپنے مزاج اور مزاح کے سہارے یوں دلچسپ انداز میں بیان کرتے ہیں کہ ہر کوئی شانہؔ کا شیدائ ہوجاتا ہے۔دیوارِقہقہہ میں سب سے پہلے حمد شامل ہے جس کا مطلع ان کے مذہبی مزاج اور سنجیدہ طبیعت کا غماز ہے۔
زندگی بے مثال دے مولیٰ
مجھ کو رزقِ حلال دے مولیٰ
دنیا و آخرت میں کامیابی کی کلید رزقِ حلال ہے۔جسے یہ میسر آتا ہے اس کی زندگی بے مثال ہوہی جاتی ہے۔پھر شاعر کی رگِ ظرافت پھڑک اٹھتی ہے۔اسے یہ احساس ہوجاتا ہے کہ وہ مزاحیہ شاعر ہے تو حمد میں بھی وہ اپنے اسلوب کو ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔
ایک ملین ریال دے مولیٰ
مال مجھ پر اچھال دے مولیٰ
عمر میری دراز تر کردے
چار سو بیس سال دے مولیٰ
اقبال شانہؔ نے جدید موضوعات کو اپنی غزل میں جگہ دے کر غزل کے دامن کو وسیع کیا ہے۔جیسا کہ کہا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی ہر غزل کو عنوان دے کر ایک نیا کام کیا ہے۔غزل " ای میل" کے اشعار ملاحظہ ہوں۔
خط اِدھر لکھا اُدھر مل گیا
اک کرشمہ ہوگیا ای میل سے
رفتہ رفتہ دیکھ لینا ایک دن
یار بھی آجاے گا ای میل سے
غزل "انگلش" کے دو شعر ملاحظہ ہوں:
کہا معشوق نے جب " مائی ڈئیر آئی لو یو ٹو"
تو میں سمجھا کہ دونوں سے ہے اس کوپیار انگلش میں
وہ کچھہ زیادہ ہی پی کر آگئے ہیں بزم میں شائد
ہر اک سے کررہے ہیں بے سبب تکرار انگلش میں
ایک اور موضوعاتی غزل جس کا عنوان " فیس بک " ہے کے اشعار پڑھتے جائیے اور ہنستے جائیے ۔
جسے FemaleسمجھےMale نکلا
بڑا دھوکہ ہوا ہےFacebook پر
کسی نے بھیج دی تصویر اپنی
جواب آیا گدھا ہےFacebook پر
اقبال شانہؔ کی بیشتر غزلیں سہلِ ممتنع ہوتی ہیں۔کہیں بھی مفہوم میں پیچیدگی یا ابہام نظر نہیں آتا۔کبھی کبھی ردیف آدھا مصرعہ پر مبنی ہوتا ہے اس لیے ترنم سے پڑھنے میں نہ صرف مزہ آتا ہے بلکہ سامعین ہی اکثر اپنے طور پر مصرعہ مکمل کرلیتے ہیں۔اس طرح شاعر محض ردیف کی مدد سے قارئین کو پکڑے رکھتا ہے۔
کچھ قرض یار لینا برسات آرہی ہے
چھتری سدھار لینا برسات آرہی ہے
سکھانے بال تو جائے گی چھت پہ آخر کیوں
میں تیرے صحن میں سورج نچوڑ کر رکھدوں
شاعر نے تشبیہات و استعارات کا بھی خوب استعمال کیا ہے۔یہ جاندار تشبیہیں یقیناً آپ کو ہنسنے پر مجبور کردیں گی۔
اب کیا مثال دوں میں تیری مست چال کی
رک رک کہ جیسے ریت پہ چلتا ہے کھیکڑا
چھوٹی بحر میں کہی گئی غزلیں کافی دلچسپ ہیں اور پڑھنے میں بہت مزہ دیتی ہیں۔شانہؔ کا کمال یہ ہے کہ وہ ان چھوٹی بحروں میں بھی بڑے بڑے نکات بیان کیے ہیں۔ تبھی تو سید ضمیر جعفری(پاکستان) نے لکھا ہے کہ " اقبال شانہؔ شاعری کی الجھی ہوئی زلفوں کی بڑی مہارت سے شانہ آرائ کرتے ہیں'ان کے الفاظ' مکئی کے دانوں کی طرح ہنستے ہیں"
سوچتے ہیں بیگموں سے گھر کے کام
رعب سے کروائیں گے مریخ پر
خوشبوؤں سے مہک اٹھا کمرہ
فون پر اس کی بج اٹھی آواز
تمہاری موت کتنی خوبصورت
ہماری زندگی بیمار کیوں ہے
شاعر نے قطعات بھی خوب لکھے ہیں۔خیال کا وہی چلبلا پن'وہی تیکھا اندازاور وہی شوخئ طبع جو ان کی غزل کا حصّہ رہی ہے وہ قطعات میں بھی جلوہ گر ہے۔کچھ قطعات ملاحظہ ہوں۔
تیری شادی ابھی ہوئی ہے کیا
خوف سے ناف ٹل گئی ہے کیا
ڈرکے مارے تُو کانپتا کیوں ہے
شیرنی گھر میں گھس گئی ہے کیا
تلنگانہ کے لیڈروں پر طنز کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں۔
نیتاؤں نے رکھے ہیں ہزاروں مرن برت
یہ خواب تلنگانہ کا پورا تو ہوگیا
خود کو جلا کے لوگ کئی مرگئے مگر
کیا بات ہے کہ ایک بھی لیڈر نہیں مرا
دیوارِقہقہہ میں شامل غزلیں ' نظمیں'قطعات سب کچھ نئے تجربات ' مشاہدات اور خیالات کی آماجگاہ ہیں۔واحدؔ نظام آبادی نے شانہؔ کے کلام پر سیر حاصل تبصرہ لکھ کر کتاب کا حق ادا کردیا ہے۔جبکہ ڈاکٹر مصطفیٰ کمال' ڈاکٹر عابد معز اور جمیلؔ نظام آبادی نے شانہ ؔ کی شاعری پر رائے دے کر کتاب کی زیب و زینت میں اضافہ کیا ہے۔ یقینِ کامل ہے کہ اقبال شانہؔ طنز و مزاح کے سہارے اردو شاعری کے زلفوں کے پیچ و خم کو سلجھانے کی کوشش کرتے رہیں گے اور مزاحیہ غزل کے مزاج و معیار میں اضافہ کرتے رہیں گے۔"دیوارِقہقہہ" کا ٹائیٹل بہت خوبصورت ہے۔بہترین گیٹ اپ اور طباعت (120) صفحات کی حامل کتاب کی قیمت مذاقاً دو سو روپیے رکھی گئی ہے جسے شاعر(7382481951) کے علاوہ ھدیٰ بک ڈپو 'انجمن بک ڈپو کے علاوہ ادارہ گونج نظام آباد سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
محفلیں لوٹ ہی لیتا ہے وہ شانہؔ ہر دم
جب ترنم میں غزل اپنی سنا دیتا ہے۔

***
dramsf[@]yahoo.com
موبائل : 09849377948
مکان نمبر: 537-9-16 ، نزد واٹر ٹینک ، قدیم ملک پیٹ ، حیدرآباد - 500036۔
ڈاکٹر فضل اللہ مکرم

A Review on book 'Deewar-e-Qahqaha' by Iqbal Shana. Reviewer: Dr. Syed Fazlullah Mukarram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں