حیدرآباد اور اضلاع میں بڑے پیمانے پر تلنگانہ جشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-02

حیدرآباد اور اضلاع میں بڑے پیمانے پر تلنگانہ جشن

تلنگانہ ریاست کے پہلے یوم تاسیس کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر شہر اور اضلاع میں جشن کا انتظام کیا گیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں حکومت اور ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے مختلف کلچرل پروگرام منقعد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ، رنگ برنگی آتشبازی کے لئے ممبئی کے ماہرین کی ایک کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اسمبلی ، گن پارک، ٹینک بنڈ، پیپلز پلاز انکلس روڈ، ہائی ٹیک سٹی ، چار مینار ، کے علاوہ تمام تاریخی ، عوامی اور سیاسی مقامات کو گلابی رنگ میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ ان تمام مقدمات پر گلابی جھنڈے ، گلابی برقی قمقمے لگائے گئے ہیں ۔ تمام اہم اور مصروف سڑکوں پر جھنڈے،غبارے، پوسٹرس اور تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے بڑے ہورڈنکس لگائے گئے ہیں ۔ شہر کے تمام چوراہوں پر جو ٹریفک آئی لینڈ ہے انہیں بھی سجایا گیا ہے ۔ تلنگانہ بھون کو بھی یوم تاسیس کے موقع پر روشنیوں سے منور کیا جائے گا۔ پہلے یوم تاسیس کے موقع پر تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پریڈ گراؤنڈسکندرآباد پر منعقد ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں قومی جھنڈا لہرائیں گے ، اس تقریب میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے ۔ دوسرے اضلاع میں تمام ضلع کلکٹرس بھی صبح9بجے قومی جھنڈا لہرائیں گے ۔ اضلاع میں بھی ٹی آر ایس کی جانب سے بڑے پیمانے پر جشن منایا جائے گا۔ دوسری سیاسی جماعتیں جیسے کانگریس ، تلگو دیشم اور بی جے پی کے قائدین بھی مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ تمام اضلاع کے ہیڈ کوارٹرس میں بھی سرکاری تقاریب منعقد کی جائیں گی ۔ پہلے یوم تاسیس کے موقع پر نئی حکومت کی جانب سے عوام کے لئے اہم اعلانات بھی کئے جاسکتے ہیں ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے کیمپس اور دوسرے مقامات پر طلبہ کی جانب سے جشن کی تیاریاں کی گئی ہیں۔طلبہ جے اے سی کے ذمہ داروں نے کہا کہ5دہوں کا کا دیرینہ خواب کل شرمندہ تعبیر ہورہا ہے اس لئے خوشیاں منانے میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی ۔ چار مینار کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر جشن منایا جائے گا۔

Telangana celebration in hyderabad and districts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں