پرانے شہر کی خبریں - #oldcityHyd news ۔ 07-jun-2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

پرانے شہر کی خبریں - #oldcityHyd news ۔ 07-jun-2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-june-07

ایس این بی
ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست ووزیر مال ، راحت باز آبادکاری ، اسٹامپس و رجسٹریشن محمد محمود علی اپنے نئے چیمبر میں اتوار سے کام کرنا شروع کردیں گے ۔ جب کہ ہفتہ 7؍جون کو قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جناب محمود علی کے چیمبر کے تزئین نو کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ اور انہیں ڈی بلاک کا کمرہ نمبر430الاٹ کیا گیا ہے ۔ جو سابق حکومت میں یہاں وزیر سپلائیز مسٹر ڈی سریدھر بابو کا چیمبر تھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے کہا کہ وہ اتوار کے دن صبح9بجے بارگاہ یوسفین ؒ واقع نامپلی پر چادر گل پیش کشی و فاتحہ خوانی کے بعد منعقد شدنی خصوصی دعائیہ اجتماع کریں گے ۔ جو ریاست تلنگانہ کی خوشحالی کے لئے کی جائے گی ۔ جناب محمود علی نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ ان کی گلپوشی و تہنیتی تقاریب سے احتراز کرتے ہوئے اس رقم کو غرباء مساکین کی مدد کے لئے خرچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلا لحاظ مذہب و ملت اقلیتوں خاص کر مسلمانوں کے مشکور ہیں جن کی کاوشوں اور دعاؤں کی بدولت ڈپٹی چیف منسٹر ووزیر مال کے اہم قلمدان پر ریاستی وزیر اعلیٰ کے ۔ چندر شیکھر راؤ نے تفویض کئے۔ نہ صرف دونوں شہروں بلکہ ریاست تلنگانہ کے تمام مسلمانوں کے علاوہ عرب ممالک سے بھی مبارکبادی کے لامتناہی فون کالس کے سلسلہ جاری ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست تلنگانہ کی خوشحالی اور مستحکم حکومت کے لئے دعائیں کریں اور ساتھ ہی ساتھ ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ ان کی(محمود علی) کی صحت و عافیت کے لئے بھی دعائیں کریں تاکہ تلنگانہ ریاست کے قیام پر عوام بالخصوص اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کو بحسن و خوبی انجام دیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لئے وہ اپنا نصب العین بناچکے ہیں اور روزانہ18گھنٹے سرکاری امور کی تکمیل کے لئے وقف کرنے کا عزم کیا۔

ایس این بی
مسٹر مہیندر ریڈی سٹی کمشنر پولیس کی حیثیت سے آج جائزہ لینے کے بعد پہلی مرتبہ تاریخی چار مینار کے علاوہ ساؤتھ زون حدود کے تمام علاقوں کا بذریعہ موٹر کار دورہ کرتے ہوئے قدیم شہر کی تفصیلات حاصل کیں ۔ کمشنر سٹی پولیس کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنران ، جوائنٹ کمشنران اور ڈپٹی کمشنران کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنران و انسپکٹران بھی موجود تھے۔ نماز جمعہ کے بعد تاریخی چار مینار کے دامن میں الکٹرانک وپرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلالحاظ مذہب و ملت عوام کو مقدس ماہ رمضان و بونال تہوار کی آمد کی پیشگی مبارکباد دی۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سٹی کمشنر پولیس کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ پرانا شہر بالخصوص ساؤتھ زون علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرانا شہر کے عوام میں بھائی چارگی اخوت و محبت کی مثالیں دیکھتے ہوئے مسرت حاصل ہوئی ۔ عوام سے اپیل کی کہ وہ مل جل کر بھائی چارگی کے ساتھ پر امن رہیں۔ انہوں ںے کہا آئندہ ماہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اور بونال تہوار کی تقاریب کا آغاز ہوگا۔ ہندو مسلم بھائی اپنی اپنی عیدوتہوار مل جل کر منائیں ۔ سٹی کمشنر پولیس نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے بعد ساؤتھ زون کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کا بھی دورہ کیا اور معلومات حاصل کیں۔ باوثوق ذرائع کے بموجب کمشنر پولیس اپنے دورہ کے موقع پر اپنے ماتحت عہدیداروں کو بھی ہدایت دی کہ وہ جرائم کی روک تھام کریں اور عوام کی شکایتوں کافی الفور جائزہ لیتے ہوئے توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے پولیس کو عوام دوست رویہ اختیار کرنے کی بھی واضح طور پر ہدایت دی ۔ سٹی کمشنر پولیس کا ماتحت عہدیداروں نے فقید المثال خیر مقدم کیا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں