منموہن سنگھ کو تحفظ فراہم کرنے کی مخالفت - امریکی عدالت میں درخواست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-18

منموہن سنگھ کو تحفظ فراہم کرنے کی مخالفت - امریکی عدالت میں درخواست

امریکہ نے انسانی حقوق کی مبینہ خلا ف ورزی کیس میں منموہن سنگھ کو بحیثیت( سابق)وزیر اعظم تحفظ فراہم کرنے کی خواہش کی ہے ۔ ایک امریکی سکھ تنظیم نے یہاں ایک عدالت میں ان کے خلاف یہ کیس داخل کیا ہے۔ سکھس فارجسٹس( ایس ایف جے) نے کل یہاں ایک عدالت میں داخل کی گئی اپنی درخواست میں بحث کرتے ہوئے کہا کہ اب منموہن سنگھ وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز نہیں ہیں اسی لئے تحفظ کی شق ان پر نافذنہیں ہوتی ۔ ایس ایف جے نے کہا کہ ایف ایس آئی اے قانون کے تحت بیرونی حکام کے سرکاری حیثیت میں کئے گئے جرائم کا احاطہ نہیں ہوتا اور چونکہ مدعی علیہ منموہن سنگھ اب وزیر اعظم کے عہدے پر فائز نہیں ہیں لہذا وہ انہیں تحفظ فراہم کرنے کی تجویز کی مخالفت کرتی ہے ۔ گزشتہ سال ستمبر میں جب منموہن سنگھ نے بارک اوباما سے ملاقات کے لئے وائٹ ہاؤز کا دورہ کیا تھا تو اس وقت ایس ایف جے نے ان کے خلاف انسانی حقوق کی مبینہ خلا ف ورزی کا ایک کیس دائر کیا تھا ۔ بعدازاں عدالت نے وزیر اعظم کو سمن جاری کیے تھے ۔ بہر حال جاریہ سال 2مئی کو جب منموہن سنگھ وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز تھے تو امریکی محکمہ انصاف نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس مقدمہ میں انہیں تحفظ حاصل ہے ۔، محکمہ انصاف نے یہ دلیل پیش کی تھی کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے حکومت ہند کی جانب سے اس ضمن میں ایک درخواست پر یہ قدم اٹھایا ہے ۔، آئی اے این ایس کے بموجب سکھس فارجسٹس نے امریکی حکومت کی اس درخواست کو چیلنج کیا ہے کہ انسانی حقوق خلاف ورزی کیس میں منموہن سنگھ کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔ ایس ایف جے نے کل اپنی درخواست میں عدالت سے کہا کہ وہ اس حقیقت کا نوٹ لے کہ منموہن سنگھ اب ہندوستان کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز نہیں ہیں اور اسی لئے انہیں بیرونی حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے تحفظ حاصل نہیں ۔ واشنگٹن کی ایک وفاقی عدالت نے منموہن سنگھ کو ان الزامات کے تحت سمن جاری کیے تھے کہ انہوں نے1990کے دہے میں ریاست پنجاب میں انسداد شورش سرگرمیوں کے لئے فنڈس جاری کئے تھے جس کے نتیجہ میں سیکڑوں سکھوں کو سیکوریٹی فورسیس نے ماورائے عدالت ہلاک کردیا تھا۔

US Sikh group opposes immunity to Manmohan Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں