اترپردیش - پری میڈیکل امتحان منسوخ - پرچہ سوالات کے افشا کا شبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-23

اترپردیش - پری میڈیکل امتحان منسوخ - پرچہ سوالات کے افشا کا شبہ

غازی آباد؍ لکھنو
پی ٹی آئی
اتر پردیش کمبائنڈ فری میڈیکل ٹسٹ( یو پی سی پی ایم ٹی) پرچہ سوالات کے افشا کے شبہ میں منسوخ کردیا گیا ہے ۔ اس امتحان کی منسوخی اس وقت عمل میں آئی جب پرچہ سوالات پر مشتمل دو صندوقوں کی سیل کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا شبہ ہوا ۔ ریاستی حکومت نے اس معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ ریاست کے مختلف میڈیکل کالجوں میں داخلہ کے لئے ہونے والے اس امتحان میں ایک لاکھ سے زائد لبہ شرکت کرنے والے تھے ۔ غازی آباد ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ایس وی ایس رنگا راؤ نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ امتحان کے پرچوں کو چالیس مختلف صندوقوں میں رکھ کر مہر بند کردیا گیا تھا اور ان بکسوں کو غازی آباد کے دو بینکوں میں محفوظ کردیا گیا تھا ۔ جب عہدیدار آج صبح ان بینکوں کو پہنچے تو انہیں بکسوں کی سیل توڑنے کا شبہ ہوا ۔ اس کے بعدا متحان منسوخ کردیا گیا ۔ یوپی سی پی ایم ٹی کو ارڈنیٹر اے کے سنگھ نے کہا کہ غازی آباد میں پرچہ سوالات کے بکسوں کی سیل مبینہ طور پر توڑنے کی اطلاعات موصول ہوئی جس کے بعد ریاستی حکومت سے مشورہ کرتے ہوئے امتحان کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس امتحان کے لئے20جولائی کی نئی تاریخ مقرر کی گئی ہے تاہم قطعی فیصلہ ریاستی حکومت کرے گی۔ راؤ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اس مسئلہ پر ریاستی حکومت کو ایک رپورٹ روانہ کرے گا۔ اس کیس میں سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے چیف سکریٹری کو اس کیس کی مکمل تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے ۔ اکھلیش یادو نے یہ بھی کہا کہ طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اسی دوران بی جے پی کی ریاستی صدر لکشمی کانت باجپائی نے پرچہ امتحان کے افشاء کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ کس کے حکم پر بینکوں کے اسٹرانگ روم میں پرچہ رکھے گئے جب کہ وہاں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں تھے ۔ قاعدہ یہ ہے کہ امتحانات کے پرچے حکومت کے ٹریژیری میں رکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جب امتحان دوبارہ منعقد ہوگا تب اس امتحان میں شرکت کرنے والے طلباء کو سواری خرچ کے علاوہ غذا اور رہنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ اور یہ رقم جرم میں ملوث افرا د سے وصول کی جانی چاہئے۔ امتحان15شہروں کے2013مراکز میں منعقد ہونے والا تھا۔

UP premedical test cancelled over suspected paper leak

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں