کشمیر میں انتخابی اتحاد - سونیا گاندھی قطعی فیصلہ کریں گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-25

کشمیر میں انتخابی اتحاد - سونیا گاندھی قطعی فیصلہ کریں گی

سری نگر
آئی ا ے این ایس
یہ بتاتے ہوئے کہ حکومت جموں و کشمیر اپنی میعاد مکمل کرے گی، کانگریس جنرل سکریٹری امبیکا سونی نے آج کہا کہ مستقبل میں ریاست میں انتخابی اتحاد کے بارے میں صدر کانگریس سونیا گاندھی قطعی فیصلہ کریں گی ۔ مخلوط حکومت سے فوری علیحدہ ہونے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے امبیکا سونی نے جو کشمیر میں پارٹی امور کی انچارج ہیں ، کہا کہ مقامی قیادت نے اس مسئلہ پر اپنے نکات نظر واضح کردیے ہیں ۔ میں ان کے خیالات صدر کانگریس کے سامنے پیش کروں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اسمبلی انتخابات کے لئے کئی ماہ باقی ہیں۔ مخلوط حکومت نے اپنا کام کردیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ انتخابات تک ہم مزید کام کریں گے ۔ ہماری قیادت آپ کو قطعی فیصلہ سے واقف کرائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ سابق چیف منسٹر غلام نبی آزاد کے ساتھ آج دہلی واپس ہورہی ہیں ۔ ریاستی کانگریس صدر سیف الدین سوزان کے ساتھ بعد میں شامل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صدر کانگریس کو اپنی مشترکہ رپورٹ پیش کریں گے ۔ امبیکا سونی نے کہا کہ شخصی طور پر ان کا یہ ماننا ہے کہ ریاست کی منتخبہ حکومت کو اپنی مکمل6سالہ میعاد پوری کرنی چاہئے ۔ امبیکا سونی نے بتایا ہم تینوں نے کل رات دیر گئے تک مقامی قائدین اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی کے روڈ میاپ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ بات چیت کافی تفصیلی ہوئی ہے۔ ہم نے گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں پر بات چیت کی اور اس بات کا جائزہ لیا کہ مزید کیا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے سبق حاصل کئے ہیں اور مستقبل میں فرقہ وارانہ پھوٹ کے بارے میں بے خبر نہیں رہنا چاہتے جو ہمارے خیال میں کشمیر کے عوام کے مفادات کو نقصان پہنچا سکتی ہے ۔ امبیکا سونی نے کہا کہ پارٹی ان مسائل کی یکسوئی پر غور کررہی ہے جن کی وجہ سے اس کے دو سینئر قائدین کو لوک سبھا انتخابات میں جموں ریجن سے شکست ہوئی ۔

Sonia Gandhi to decide on alliance in Jammu and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں