راہول گاندھی ہی شکست کے لئے تنہا ذمہ دار نہیں - چیف منسٹر کیرالا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-01

راہول گاندھی ہی شکست کے لئے تنہا ذمہ دار نہیں - چیف منسٹر کیرالا

چیف منسٹر کیرالا اومن چنڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی ناکامی کے لئے صرف راہول گاندھی کو ذمہ دار ٹھہرایا نہیں جاسکتا ۔ یہ مناسب نہیں کہ کسی مخصوص قائد کو ناکامی کے لئے ذمہ دار ٹھہرایاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کامیابی کے ساتھ ساتھ ناکامی میں بھی مجموعی طور پر ذمہ دار ہے ۔ انتخابات کے نتائج کے بارے میں پہلے ہی پارٹی نے اس خصوص میں جائزہ لیا ہے ۔ اس سوال پر کہ بعض گوشوں سے راہول کے خلاف آوازیں بلند ہورہی ہیں، اس کے جواب میں چیف منسٹر کیرالا نے سونیا گاندھی اور راہول کی قیاد ت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ چنڈی نے کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ کانگریس واپسی کرے گی ۔ پارٹی کی شکست کو مثبت انداز میں لینا چاہئے اور موجودہ ناکامی کے تناظر میں عوام کو دشمن تصور کئے بغیر عوام کی خدمت کے لئے جٹ جانا چاہئے ۔ چنڈی جنہوں نے کیرالا میں مخالف کانگریس رجحان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا، کہا کہ موجودہ قیادت پارٹی کے وقار کی بحالی کے اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوام کے دلوں میں گھر کی ہوئی ہے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ پارٹی نے کئی تغیرات کو جھیلا ہے اور1977میں آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی قیادت میں ناکامی کے بعد دوبارہ اقتدار پر واپس آئی ۔ یوڈی ایف جس کی قیادت چنڈی کررہے ہیں ریاست میں20میں سے 12نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جس میں کانگریس کے آٹھ نشستیں شامل ہیں ۔ قومی مسائل کے ساتھ ساتھ ان کی حکومت کی کارکردگی بھی کیرالا میں مہم کا اہم حصہ تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ شکست کو مثبت جذبہ کے تحت لینا چاہئے ۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں کو چاہئے کہ وہ تمام سطحوں پر عوام کے ساتھ مل کر کام کریں ۔چنڈی جو چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنی میعاد کے چوتھے سال میں داخل ہوئے ہیں کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت کی کامیابی کا انحصار انتخابی مہم کے دوران این ڈی اے کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی صلاحیت پر ہے ۔ آئیے دیکھیں گے کہ نئی حکومت کس طرح کی کارکردگی پیش کرتی ہے ۔ فی الحال حکومت نے100دن کے لئے10نکاتی ایجنڈہ کا اعلان کیا ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ وہ اس کو کس طرح سے نبھائیں گے۔ چیف منسٹر چنڈی جو سخت محنتی اور عوام سے ربط و ضبط میں رہنے والے قائد ہیں کہا کہ پارلیمانی طر ز حکومت میں ہر چیز کا انحصار حکومت کی کارکردگی پر ہوتا ہے ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ مودی کے ساتھ خوشگوار اور تعمیری تعلقات برقرار رکھیں گے ۔ اومن چنڈی پیر کے دن وزیرا عظم سے ملاقات کریں گے ۔ اس سوال پر کہ مرکز کے ساتھ اہم مسائل جن پر بحث کی جائے گی کیا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پہلے ہم یہ دیکھیں گے کہ قومی سطح پر ان کی ترجیحات کیا ہیں جس کے پیش نظر ہم اپنے ترجیحی مطالبات پیش کریں گے ۔ چنڈی نے کہا کہ ریاست کو سب سے اہم رکاوٹ کا سامنا یہ ہے کہ پوسٹل ریگولیشن زون کو روبہ عمل لانے سے ہزاروں خاندانوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ فی الحال ایسی صورت حال ہے کہ ایک شخص جو ساحلی پٹی پر اپنا گھر مرمت کروانا چاہتا ہے ایسا نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیرالا نے قوانین میں ترمیم کے لئے پیشرو حکومت کو تجاویز پیش کی تھیں اور نئی حکومت کے ساتھ اسی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Rahul Gandhi cannot be singled out for Congress' poll debacle, says Kerala CM Oommen Chandy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں