تلنگانہ میں برقی بحران اے پی جینکو کی شرارت - کے سی آر کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-27

تلنگانہ میں برقی بحران اے پی جینکو کی شرارت - کے سی آر کا الزام

حیدرآباد
یو این آئی
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں برقی قلت اور اس کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے محکمہ توانائی کے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ مختصر مدتی اور طویل مدتی منصوبے مرتب کریں۔ آندھرا پردیش جینکو کی’’شرارت‘‘ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے برقی بحران کے پس منظر می کے چندر شیکھر راؤ نے آج تلنگانہ میں برقی پیداوار اور سربراہی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں فروخت کے لئے دستیاب برقی کے بارے میں دریافت کریں اور اس سلسلہ میں اخراجات اور دیگر امور پر منصوبہ مرتب کریں ۔ انہوں نے عہدیداروں سے برقی کی موجودہ صورتحال اور سربراہی کے لئے دستیاب ناکافی برقی کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر حکومت پڑوسی ریاستوں سے برقی خریدے گی تاکہ بحران پر قابو پایا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر ایک ریاست بحران میں گھر جاتی ہے تو پڑوسی ریاستوں کو چاہئے کہ وہ اس ریاست کے بچاؤ کے لئے آگے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ خود پڑوسی ریاستوں کے چیف منسٹرس سے شخصی طور پر بات چیت کریں گے ۔ انہوں نے موجودہ برقی بحران کے لئے دو قسم کی وجوہات بیان کیں جن میں پہلی وجہ آندھرا پردیش کی پیداکردہ ہے جب کہ دوسری وجہ خشک سالی کے نتیجہ میں پیدا ہوئی ہے ۔ مختصر مدتی اقدامات کے تحت چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ برقی بحران پر قابو پانے کے لئے خانگی پارٹیوں کے بشمول مختلف ذرائع سے برقی خریدی کے لئے منصوبہ مرتب کریں ۔ چیف منسٹر نے یہ بھی اشارہ دیا کہ چھتیس گڑھ جیسے کوئلہ کے ذخائر رکھنے والی ریاست سے معاہدے کیے جاسکتے ہیں ۔ امکان ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ ایک یادو دن میں چھتیس گڑھ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے اپنے ہم منصب رمن سنگھ سے شخصی طور پر بات چیت کریں گے اوربرقی خریدی کے سلسلہ میں امکانات تلاش کریں گے ۔ اجلاس میں چیف سکریٹری راجیو شرما، چیف منسٹر کے پرنسپال سکریٹری نرسنگ راؤ ، پرنسپال سکریٹری محکمہ توانائی سریش چندا ، تلنگانہ سدرن پاور کا رپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر سید رضوی اور اے پی جینکو کے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ بھی موجود تھے ۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے اسپیشل کمشنر سومیش کمار کو ہدایت دی کہ حیدرآباد کے اطراف و اکناف 10تا15مقامات پر ڈومپنگ یارڈس کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ شہر سے کچرے کی موثر نکاسی عمل میں لائی جاسکے ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر جگدیش کو بھی ہدایت دی کہ گنڈی پیٹ اور حمایت ساگر ذخائر آب کی مرمت اور صفائی کے کام فوری انجام دیے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایاجاسکے ۔

Power Crisis - A Mischief of APGENCO: KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں