سکندرآباد پریڈ گراؤنڈس میٹرو ریل اسٹیشن کی تعمیر کی راہ ہموار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-20

سکندرآباد پریڈ گراؤنڈس میٹرو ریل اسٹیشن کی تعمیر کی راہ ہموار

حیدرآباد
یو این آئی
حیدرآباد میٹرو ریل کے حکام کو آج اس وقت زبردست راحت ملی جب وزارت دفاع نے اپنی اراضی کے2.15ایکر رقبہ کی میٹرو ریل پراجکٹ کو حوالگی کو منظوری دے دی تاکہ پریڈ گراؤنڈس انٹر چینج میٹرا اسٹیشن تعمیر کیاجاسکے ۔ اس کے علاوہ اراضی سے میٹرو لائن بھی گزرے گی جو2.23کلو میٹر طویل ہوگی۔ یہ معاملہ گزشتہ4برسوں سے لٹکا ہوا تھا۔ ریاستی حکومت کے یکے بعد دیگرے چیف سکریٹریز نے سکریٹری محکمہ دفاع اور کابینی سکریٹری سے یہ معاملہ رجوع کیا لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا تھا ۔ سابق چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے بھی اس وقت کے وزیر دفاع اے کے انٹونی کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا تھا۔ اس کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا ۔ میٹرو پراجکٹ کی راہ میں بڑی رکاوٹ کے بارے میں حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو واقف کرایا جس پر انہوں نے فوری یہ معاملہ ترجیحی بنیادوں پر وزارت دفاع سے رجوع کیا اور اندرون چند دن اس کی منظوری حاصل کرلی۔ چیف منسٹر نے معاملہ کی یکسوئی پر وزیر دفاع ارون جیٹلی سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اراضی حوالگی کے لئے وزارت شہری ترقیات سے سفارشی مکتوبات روانہ کئے تھے ۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے این وی ایس ریڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسی بڑی رکاوٹوں کے بارے میں انہیں شخصی طورپر مطلع کریں تاکہ ان کی فوری یکسوئی عمل میں لائی جاسکے اور میٹرو ریل پراجکٹ وقت مقررہ پر مکمل ہوجائے ۔وزارت دفاع کی منظوری ملنے کے بعد پریڈ گراؤنڈ میٹرو اسٹیشن کے پیچیدہ ڈھانچہ کی تعمیر کا آغاز کیا جاسکے گا۔ اس اسٹیشن سے دوسری اور تیسری راہداری ایک دوسرے کو قطع کرتے ہوئے گزرتی ہے۔ اسی طرح دونوں راہداریوں کی تعمیر کے لئے پلر کھڑے کرنے کے کام بھی شروع کیے جاسکیں گے۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما، پرنسپال سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات ڈاکٹر ایس کے جوشی اور میٹرو ریل کے مینجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ تہذیبی ورثہ کی حامل عمارتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ میٹرول ریل کی رہداریوں سے تاریخی عمارتوں کو کوئی نقصان نہ پہونچے۔

Defence Ministry to Give Land for Parade Grounds Metro Rail Station

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں