ہند اور چین پنچ شیل معاہدہ سے استفادہ کو یقینی بنائیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-29

ہند اور چین پنچ شیل معاہدہ سے استفادہ کو یقینی بنائیں

ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے آج کہا کہ ہندوستان اور چین کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پانچ اصولوں پر مشتمل پنچ شیل معاہدہ سے استفادہ کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک نے مائنمار کے ساتھ1954میں کیا تھا ۔ انصاری نے یہاں اس منصوبہ کی60سالہ تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آگے بڑھناہوگا اور اختلافات کو فراموش کرنا ہوگا ۔ اس تقریب میں چین کے صدر ژی جن پنگ اور ان کے مائنمار کے ہم منصب تھین سین نے بھی شرکت کی ۔ انصاری نے کہا کہ پنچ شیل کے ذریعہ باہمی تال میل کو بہتر بناتے ہوئے اختراعی اقدامات کے ذریعہ عوامی زندگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے ۔ پنچ شیل میں معاہدہ سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو،اس وقت کے ان کے چینی ہم منصب ژہوانلائی کے درمیان طے پایا تھا ۔ بعد ازاں اس معاہدہ میں مائنمار کو بھی شامل کیا گیا ۔ انصاری نے جو اس وقت چین کے پانچ روزہ دورہ پر ہیں، کہا کہ ہندوستان ، چین، اور مائنمار دیرینہ رفیق ہیں اور جغرافیائی طور پر بھی ایک دوسرے سے کافی قریب ہیں، اگرچہ ہم تین ممالک ترقی کے مختلف مراحل میں ہیں تاہم ہم تینوں ہی ایک دوسرے کے قومی سطح کے تجربات سے سیکھ سکتے ہیں ، تینوں ممالک کا مقصد واحد ہے اور ہمیں ساتھ مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، اسی صورت میں ہم خود کو ملنے والے مواقع سے استفادہ کرسکتے ہیں اور موجودہ چینلجس کا سامنا بھی کرسکتے ہیں ۔ حامد انصاری نے کہا کہ اس مقصد کے لئے پنچ شیل سے کافی مدد مل سکتی ہے ۔ انصاری نے اپنے خطاب کے دوران تینوں ممالک کی تہذیب اور روایت کابھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ہندوستان اور چین اسٹراٹیجک رفاقت کا ر بھی ہیں ۔ اس کے علاوہ تاریخی طور پر دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے استفادہ کرتے رہے ہیں،۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ21ویں صدی میں دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں اور دونوں ممالک باہمی طور پر آگے بڑھتے ہوئے بہتر تعلقات کے ذریعہ فائدہ اٹھائیں ۔ نائب صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ہم آج یہاں پنچ شیل معاہدہ کے ذریعہ ایک پرامن ،مستحکم ، خوشحال اور محفوظ دنیا بنانے کے لئے جمع ہوتے ہیں ۔ اس معاہدہ کے تحت ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے دوستانہ تعلقات کو مزید بہتر بنائیں اور باہمی طور پر آگے بڑھتے ہوئے اپنے عوام کے لئے مقررہ ہمارے مشترکہ نشانوں کو حاصل کریں۔

India and China have to narrow down differences: Hamid Ansari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں