کمزور مانسون کی صورتحال سے نمٹنے وزیراعظم مودی کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-27

کمزور مانسون کی صورتحال سے نمٹنے وزیراعظم مودی کا منصوبہ

نئی دہلی
یو این آئی
کمزور مانسون کے امکانی خطرہ کے مد نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک منصوبہ پیش کیا جس میں کئی تجاویز شامل ہیں ۔ مودی نے مانسون کی صورتحال کا جائزہ لینے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا اور مختلف محکمہ جات کے درمیان باہمی تعاون سے مجوزہ منصوبہ پر عمل آوری کی ہدایت دی ۔، اس منصوبہ میں ضلعی سطح ایکشن پلانس پانی کی موثر ذخیرہ اندوزی، پانی کا محتاط استعمال، زرعی شعبہ کے لئے مناسب بجلی اور بیجوں کی سپلائی اور پیش آمدہ صورتحال سے نمٹنے ایم جی این آر ای جی اے کا استعمال شامل ہے ۔ وزارت زراعت نے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے ۔ جس میں500سے زائد اضلاع کا احاطہ کیاجائے گا۔مودی نے مرکز اور ریاستوں دونوں کے لئے مانسون منصوبہ پر عمل آوری کے سلسلہ میں ریاستوں کے بجائے اضلاع کو یونٹ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس میں داخلہ ، فینانس ، زراعت ، اغذیہ و امور صارفین ، آبی وسائل کے وزراء دفتر وزیر اعظم کے پرنسپال سکریٹری ، کابینی سکریٹری اور اڈیشنل پرنسپال سکریٹری برائے وزیر اعظم نے شرکت کی ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے مودی کو مانسون کی صورتحال سے واقف کروایا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مانسون میں تاخیر ہورہی ہے لیکن توقع ہے کہ آنے والے ماہ جولائی اور اگست میں صورتحال بہتر ہوگی اور کافی بارش ہوگی۔ مودی نے افراط زر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور بازار میں دستیاب غذائی اجناس اور ترکاریوں کے ذخیرہ سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ غذائی اجناس اور ترکاریوں کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور کالا بازاری کرنے والوں کے خلاف تیز رفتار مقدمات کے لئے ریاستوں کو چاہئے کہ خصوصی عدالتیں قائم کریں ۔ وزیر اعظم نے مویشیوں کے چارہ اور آبی وسائل کے موجودہ موقف سے بھی واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ آبی وسائل کا حتی المقدور استعمال کیاجائے اور بارش کے پانی کو جمع کرنے کی بہتر کوششیں کی جائیں۔ مودی نے زرعی شعبہ کے لئے بجلی اور بیجوں کی مناسب سپلائی کو یقینی بنانے پر زور دیا اور ہدایت دی کہ اگر ضرورت ہو تو دیہی علاقوں میں روزگار کی فراہمی کے لئے ایم جی این آر ای جی اے سے استفادہ کیاجائے گا۔ انہوں نے افراط زر پر قابو پانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا ۔ اجلاس میں یہ احساس ظاہر کیا گیا کہ حکومت کے اقدامات کے مثبت اثرات برآمد ہورہے ہیں اور چاول کا مناسب ذخیرہ بازار میں پہنچ رہا ہے ۔ اب دہلی میں پیاز کی قلت ہے۔ وزیر اعظم نے مصنوعی قلت کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ ذخیرہ اندوزوں اور کالابازاری کرنے والوں کے خلاف مقدمات کی تیز رفتار سماعت کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کریں ۔

PM Modi discusses plan for weak monsoon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں