میٹرو ٹرین کا اثر - دادر میں مسافروں کی تعداد میں کمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-18

میٹرو ٹرین کا اثر - دادر میں مسافروں کی تعداد میں کمی

ممبئی میں میٹرو ریل کی شروعات کو محض مہینہ ہوا ہے ۔ لیکن بیسٹ بسوں کی طرح لوکل ٹرینوں پر بھی اس کا اثر نظر آرہا ہے ۔ اور مسافروں کی تعداد میں کئی روٹ پر کمی واقع ہوئی ہے ۔اندھیری اور گھاٹ کوپر کو ایک دوسرے یعنی مغربی اور مشرقی مضافات کو جوڑنے والی میٹرو ریل کے سبب دادر اسٹیشن پر مسافروں کی تعدا د میں یکسر کمی واقع ہوئی ہے اور گھاٹ کوپر میں مسافروں کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔ بلکہ اندھیری اور گھاٹ کوپر ویسٹرن اور ایسٹرن سبربن کا ٹرانزٹ پوائنٹ بن چکے ہیں اور اندھیری سے سینٹرل ریلوے کے مضافاتی علاقوں میں جانے کے خواہش مند شہری میٹرو کا سہارا لے رہے ہیں اور یہی سلسلہ گھاٹ کوپر اور آس پاس کے علاقوں کے مسافروں کا ہے ، کلیان، تھانے ، ممبرا اور اطراف کے مسافر گھاٹ کوپر اتر کر میٹرو کا سفر پسند کرتے ہیں اور میرا روڈ ، بوریولی روٹ کے مسافر بھی دادر آنے کے بجائے اندھیری میں میٹرو کا ٹکٹ خریدنا پسند کرتے ہیں اور کم وقت میں منزل تک پہنچ رہے ہیں ۔ دراصل میٹرو کا سفر اے سی میں آرام دہ سفر ہے اور وقت بھی بچ رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ان علاقوں میں بیسٹ بسوں میں مسافروں کی کمی واقع ہوئی ہے جو کہ بیسٹ کے خسارے میں مزید اضافہ کرے گی ۔ باوثوق ذرائع ایک ہفتے میں دادر اسٹیشن پر ڈیڑھ لاکھ مسافر کم ہوئے ہیں اور اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اس مقابلے میں گھاٹ کوپر اور اندھیری میں مسافروں کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔ اندھیری کو نیا روپ دیا جارہا ہے اور آئندہ سال تک اندھیری اسٹیشن مکمل طور پر بدل جائے گا ۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آراو شرت شند ریان نے کہا کہ ابھی سے مسافروں کی تعداد میں کمی و زیادتی کا اندازہ لگانا قبل از وقت ہوگا۔ بتایا جارہا ہے کہ روزانہ ٹکٹ خریدنے والوں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ۔ ہاں پاس کا استعمال کرنے والوں مسافروں کی تعداد میں کمی نہیں آئے گی کیونکہ میٹرو میں پاس سسٹم نہیں ہے اور ایسے مسافر دادر روٹ کا استعمال کرنا پسند کریں گے ۔ دادر اسٹیشن ویسٹرن اور سینٹرل ریلویز کے تحت ہے اور یہاں روزانہ15لاکھ سے زائد مسافر آتے جاتے ہیں ، لیکن ٹکٹ کا استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد25-30لاکھ بتائی جاتی ہے اور امکان ہے اس میں کمی واقع ہوجائے ۔

Mumbai Metro effect: BEST and local train looses commuters

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں