فوجی سربراہوں سے ہر ماہ ملاقات کرنے مودی کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-24

فوجی سربراہوں سے ہر ماہ ملاقات کرنے مودی کا فیصلہ

نئی دہلی
یو این آئی
ملک کی بیرونی اور اندرونی حفاظت پر گہری نظر رکھنے کا اشارہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے تینوں فوجوں کے سربراہوں سے علیحدہ علیحدہ طور پر ہر مہینے ملنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فوجی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد فوجی سربراہوں سے ہونے والی اپنی میٹنگوں میں یہ ارادہ ظاہر کیا تھا۔ بری، بحری اور فضائیہ کے سربراہوں سے گزشتہ ایک مہینے میں ان کی الگ الگ ملاقات ہوچکی ہے اور ذرائع کے مطابق مودی نے سربراہوں سے ہر مہینے ان سے ملاقات کرنے کا یقین دلایا ہے ۔ یہ اب تک کے وزرائے اعظم کی روایتوں سے الگ ہٹ کر فیصلہ کیا ہے ۔ اب تک وزیر اعظم فوجی سربراہان سے ضرورت کی بنیاد پر ملتے رہے ہیں ۔ دوسری طرف فوجی اداروں کی یہ شکایت رہی ہے کہ حکومت کے اہم فیصلوں میں ان کا کردار بہت محدود رہتا ہے ۔ وزیر اعظم کے اس نئی پہل سے اس شکایت کا بہت حد تک مداوا ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے ۔ نریندر مودی حکومت کے پہلے ایک مہینے میں یہ واضح ہوچکا ہے کہ حکومت مسلح افواج اور ان کے متعلق معاملات کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ آزادی کے بعدشہید ہوئے سپاہیوں کو سلام کرنے کے لئے قومی جنگ کی یادگار تعمیر سے لے کر یکساں رینک یکساں پنشن کے معاملے تک اور وزیر اعظم کی طیارہ بردار جہاز آئی این ایس ورما دتیہ پر سواری سے لے کر وزیر دفاع ارون جیٹلی کی کشمیر دوہ تک سے یہ بات ظاہر ہے کہ فوج سے متعلق معاملات پر نئی حکومت خاص توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے گزشتہ13جون کو تقریباً دو گھنٹے توج فوج کے سربراہ اور ان کے کمانڈروں سے بریفنگ لی ۔ یہ سیشن وار روم میں منعقد کیا گیا تھا۔ وزیر دفاع نے فضائیہ ہیڈ کوارٹر میں جاکر فضائیہ کے سربراہ اور ان کے کمانڈروں کے ساتھ گہرائی کے ساتھ غوروخوض کیا۔ گوا کے ساحل کے پاس طیارہ بردار جہاز آئی این ایس ورمادتیہ پر سوار ہوکر سمندری طاقت دیکھتے وت مودی نے بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل روبن کے دھونی کے ساتھ لمبی بات چیت کی ۔ نئی حکومت کے اقدامات سے صاف ظاہر ہے کہ وہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہتی ہے لیکن ساتھ ہی اپنی حفاظتی تیاریوں کو بھی مکمل طور پر چاک و چوبند کرنے کا ٹھوس ارادہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔، چین سے متصل کنٹرول لائن کے100کلومیٹر کے اندر اندر کے علاقے میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے ماحولیاتی منظوری کو فاسٹ ٹریک پر ڈالنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے فوجی سربراہان سے اپنی اپنی ترجیحات طے کرنے اور اس کی فہرست انہیں فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ماہانہ میٹنگوں میں ان منصوبوں اور پراجکٹوں پر عمل کا جائزہ لیا جائے گا اور مقررہ وقت پر انہیں لاگو کیا جائے گا۔

PM Modi decided to directly meet service chiefs once every month

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں