اترپردیش میڈیا کے نشانے پر - بی جے پی کی سازش - سماج وادی پارٹی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-17

اترپردیش میڈیا کے نشانے پر - بی جے پی کی سازش - سماج وادی پارٹی کا الزام

اتر پردیش میں نظم و ضبط کی صورتحال کے مسئلہ پر اپوزیشن کی تنقیدوں کا نشانہ بن رہی سماج وادی پارٹی نے آج میڈیا پر الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی کی سازش کے تحت اس کی حکومت کو نشانہ بنارہی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری نریش اگروال نے پی ٹی آئی کو فون پر بتایا کہ میڈیا ، ریاست میں سماج وادی پارٹی حکومت کو خاص طورپر نشانہ بنارہا ہے ۔ ریاست میں میڈیا کو آخر اتنی دلچسپی کیوں ہے ۔ مدھیہ پردیش، دہلی اور گجرات کے واقعات کو ان کی جانب سے اجاگر نہیں کیاجارہا ہے ۔ یہ یا تو مرکز کی یا بی جے پی کی ریاستی حکومت کے خلاف منصوبہ بند سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو مغربی بنگال اور بہار کے واقعات نظر نہیں آتے لیکن وہ صرف یوپی کو ہی نشانہ بناتا ہے ۔ اگروال نے کہا کہ میڈیا کو مرکز سے جرائم سے متعلق اعداد و شمار حاصل کرتے ہوئے ان کا تجزیہ کرنا چاہئے اور یوپی میں جرائم کی شرح کا دیگر ریاستوں سے تقابل کرنا چاہئے۔ اگروال نے کہا کہ آپ اتر پردیش جیسی بڑی ریاست جہاں زائد از 22کروڑ آبادی ہے کے کرائم ڈیٹا کا دیگر ریاستوں سے تقابل کرسکتے ہیں تاکہ سچائی کا پتہ چلا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی حکومت نے جرائم کے واقعات میں اطلاع ملتے ہی سخت کارروائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدایوں کے واقعہ پر بڑی چیخ و پکار کی گئی لیکن اب جب کہ سی بی آئی اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے سچائی سب کے سامنے آجائے گی جسے ریاستی پولیس نے پہلے ہی آشکارا کردیا تھا۔

Media targeting UP govt as part of conspiracy by BJP: SP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں