Act firmly against crimes against women: Rajnath to Delhi
وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ دہلی پولیس کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زور دے کر کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم سے سختی سے نمٹا جائے۔ انہوں نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ نظم و قانون کے مسائل پر بات چیت کی اور فورس کو عصری بنانے کے لئے ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا ۔ خواتین کی سلامتی کے بارے میں پوچھے جانے پر دہلی پولیس کمشنر بھیم سین بسی نے کہا کہ وزیر داخلہ نے اس سلسلہ میں دہلی پولیس کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا کہ پولیس جوش و خروش کے ساتھ کام کرتی رہے گی ۔ دہلی میں خواتین کی سلامتی کو بہتر بنانے کے لئے پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے خواتین کے خلاف جرائم سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ راجناتھ سنگھ نے صحافیوں سے کہا کہ میں نے سینئر پولیس عہدیداروں کے ساتھ قومی دارالحکومت میں نظم و قانون کے مسائل سے نمٹنے کے لئے فورس کو عصری بنانے کے طریقہ کار کے بارے میں بات چیت کی۔ راجناتھ سنگھ معتمد داخلہ انیل گوسوامی اور وزارت داخلہ کے بعض دوسرے عہدیداروں کے ساتھ دوپہر کے وقت پولیس ہیڈ کوارٹر پہونچے اور وہاں تقریباً دو گھنٹے رہے۔ پولیس ہیڈ کوارٹر میں بسی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گاڑ آف آنر پیش کیا گیا۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں