لیبیا میں پارلیمانی انتخابات میں نہایت کم پولنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-27

لیبیا میں پارلیمانی انتخابات میں نہایت کم پولنگ

طرابلس
رائٹر
تشدد کے سائے تلے لیبیا میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں آدھے سے بھی کم اہل ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا جسے موجودہ صورتحال کے تئیں ان کی مایوسی قرار دیاجارہا ہے ۔ اس دوران بن غازی میں مشہور وکیل اور حقوق انسانی کے علمبردار سلوی ابو غیث کو گولی مار کر ہلاک کردی اگیا ۔ ابو غیث نے ہی قذافی کے خلاف پہلا احتجاجی جلسہ منعقد کرنے میں مدد کی تھی ۔ حکام نے بتایا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے ان کے گھر میں گھس کر انہیں گولی مار دی ۔ بن غازی میں ہی سرکاری اور مخالف فورسس کے درمیان تصادم میں چار دیگر افراد مارے گئے ۔ اس پارلیمانی الیکشن میں جولائی2012ء کے مقابلے بہت کم ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔1.5ملین رجسٹرڈ ووٹروں میں سے صرف6لاکھ30ہزار نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ تمام بڑے شہروں میں بیشتر پولنگ بوتھوں میں سناٹا چھایا رہا ۔ دونا، کفر اور سبہا جیسے متعدد شہروں میں حکومت مخالف فورسس کے حملوں کے ڈر سے بیشتر پولنگ بوتھ بند رہے۔ الیکشن کمیشن کے سربراہ عماد الصامیح نے کہا کہ اس کی وجہ سے200 نشستوں والی پارلیمنٹ کی15سیٹیں خالی رہ جائیں گی ۔ خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے ان عام انتخابات کو ملک میں مستحکم جمہوری حکومت کی جانب ایک اہم قد م قرار دیا تھا ۔ انتخابات کا اعلان موجودہ حکومت کے اس دعوے کے ساتھ کیا گیا تھا کہ ایک منحرف جنرل حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کررہا ہے ۔ جنرل خلیفہ حفتر نے ان الزامات کی تردید کی لیکن ساتھ ہی ان شدت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ،جنہوں نے ان کے مطابق تاوان کے لئے لیبیا کو یرغمال بنارکھا ہے ۔ اس کارروائی میں70افراد مارے گئے ۔ اس پارلیمنٹ میں200سیٹوں کے لئے 2ہزار امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں ۔32سیٹیں خواتین کے لئے مخصوص ہیں اور کوٹہ سسٹم کے ذریعہ خواتین کی شرکت کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ ہر امیدوار اپنی انفرادی حیثیت سے الیکشن لڑ رہا ہے ۔، حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کشیدگی کو کم کرنے کے لئے کیا گیا ہے ۔ بیشتر شہریوں کاخیال ہے کہ اس الیکشن سے بھی اپنی حقیقی حکومت اور نمائندے ملنے کی توقع نہیں ہے اور نئی پارلیمنٹ بھی ایک عبوری پارلیمنٹ کی طرح ہوگی۔

Libya: Parliamentary polls see low turnout

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں