غزہ پر اسرائیل کی بمباری - حماس کے دو کارکن شہید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-29

غزہ پر اسرائیل کی بمباری - حماس کے دو کارکن شہید

غزہ پٹی میں آج صبح اسرائیل کی فضائیہ کے حملے میں حماس کے دو کارکن ہلاک اور ایک دیگر زخمی ہوگیا ۔ میڈیکل ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں واقع ایک مہاجر کیمپ کے نزدیک ایک کار کو نشانہ بناکر بم داغا۔ ایک دیگر حملے میں جنوبی غزہ میں حماس کے ایک تربیتی مرکز کو ہدف بنا کر فضائی حملہ کیا گیا ۔ فوج کی اس کارروائی میں حماس کے دو کارکن مارے گئے۔ اسرائیل فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حملے کی تفصیلی رپورٹ کا انتظار ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فوج کے جیٹ طیاروں سے کئے گئے حملے اور دھماکے کی آوازیں دور تک سنائی دیں ۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق فضائی حملہ غزہ میں حماس کے سابق وزیر اعظم اسماعیل ہانیہ کے گھر کے قریب کیا گیا ۔ دوسری جانب غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج ٹینکوں کی مسجد پر گولہ باری میں پانچ فلسطینی شدید زخمی ہوگئے ۔، غزہ میں محکمہ صحت کے ترجمان اشرف القدرا نے بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے دو مساجد کے میناروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں ایک11سالہ بچہ بھی شامل ہے جس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملے غزہ کی پٹی سے منسلک سیکوریٹی بیرئیر پر صہیونی فورسز کے قریب بم دھماکے کے بعد کئے گئے۔ فوج کی ترجمان کے مطابق دھماکے میں اسرائیلی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ واضح رہے کہ 12جون کو مغربی کنارے میں تین یہودی نوجوانوں کی گمشدگی کے بعد سے اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سیکڑوں افراد کو گرفتار کیاجاچکا ہے ۔ مرکز اطلاعت فلسطین کے مطابق بمباری کے نتیجہ میں ایک بجلی گھر اور کھیتوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیل کے ایف16جنگی طیاروں نے غزہ میں القسام بریگیڈ کے مختلف مراکز پر بمباری کی ۔ فلسطینی سیکوریٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کا داغا گیا ایک میزائل جنوبی غزہ میں القسام بریگیڈ کے البدر کیمپ پر گرا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ ادھر ساحلی علاقے الزوائد پر اسرائیلی فوج نے تین فضائی حملے کئے ہیں۔ رات گئے کیے حملوں میں متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔

Israeli air strikes into Gaza

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں