عراق کا پرتشدد منظر نامہ کسی بھی وقت بدل سکتا ہے - نیوریارک ٹائمز رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-27

عراق کا پرتشدد منظر نامہ کسی بھی وقت بدل سکتا ہے - نیوریارک ٹائمز رپورٹ

نیویارک
یو این آئی
عراق کے پر تشدد منظر نامہ کا توازن اب کسی بھی وقت بدل سکتا ہے جہاں ایران نے ابدالی ڈرون طیاروں کے استعمال کے ساتھ عراقی فوج اور شیعہ ملیشیا کے حق میں بالواسطہ قدم اٹھا دیا ہے ۔، اس اقدام کا فوری مقصد بغداد کی کامیاب حفاظت کے لئے آئی ایس آئی ایس کو ملی جلی شیعہ سنی آبادی والے علاقوں تک دھکیلنا ہے ۔ نیویارک ٹائمز کی آن لائن رپورٹ کے مطابق سنی شدت پسندوں کی پیش قدمی کو روکنے کے لئے حکومت ایران یومیہ بنیاد پر70ٹن فوجی سازو سامان فضائی راستے سے عراق بھیج رہی ہے ۔ تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ سنیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے موصل اور فلوجی جیسے شہروں کے دو بارہ حصول میں زیادہ مشکل پیش آئے گی ۔ ایک امریکی افسر کے حوالے سے اخبار نے لکھا ہے کہ ایران نے ابدالی ڈرون کا ایک چھوٹا سا بیڑہ بغداد کے قریب فضائیہ کی الراشد نامی چھاؤنی تعینات کیا ہے .جہاں داعش کے جنگجوؤں اور کمانڈروں کے مابین ہونے والی گفتگو کو سننے کے لئے اسی چھاؤنی میں خفیہ آلات بھی نصب کئے گئے ہیں۔ اخبار کے مطابق ایران کی قدس فورس کے تقریباً ایک درجن افسران کو بھی عراق بھیجا گیا ہے جو عراقی فوج کے لئے مشورے مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ جنوبی عراق میں شیعہ ملیشاؤں کو متحرک کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے ۔ ایرانی فوج کے جنرل قاسم سلیمانی نے حال ہی میں عراق کے دو دورے کئے ہیں۔ بغدا د اور مقدس مقامات کو محفوظ رکھنے کے لئے ایران نے عراقی سرحد پر فوج کے دس ڈوی نز اور قدس فورس کے دستوں کی بڑی تعداد کو بھی تعینات کردیا ہے ۔ یہ دستے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کرسکتے ہیں ۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ماری ہارف نے بہر حال ان تفصیلات کی تصدیق یا تردید نہیں کی البتہ ی ضرور کہا کہ امریکہ کو یقین ہے کہ عراق کے تنازعہ میں ایران ایک تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے ۔ خطہ میں فرقہ وارانہ واقعات میں اضافہ نہیں ہونا چاہئے ، کیونکہ اس طرح عراق میں انتہا پسند انہ جذبات کے استحصال کا دائرہ بڑھے گا ۔ دوسری طرف تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر نوری المالکی سنیوں اور دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ حالات کے موجودہ موڑ پر فوری طور پر کوئی مفاہمت قائم نہیں کرپاتے تو امریکی فضائی حملوں سے صرف عراق میں سیاسی تقسیم اور سنیوں کے اکیلے پن میں اضافہ ہی ہوگا ۔ اگر اس مرحلے پر امریکی فضائی حملے ، ایران کے تعاون سے کئے جاتے ہیں تو امریکہ کے خلیجی اتحادیوں کے شکوک و شبہات یقین میں بدل جائیں گے کہ امریکہ کا جھکاؤ ایران کی طرف ہوگیا ہے ۔

Iran Secretly Sending Drones and Supplies Into Iraq, NewYork Times reported

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں