کانگریس چھوڑنے والے غلاموں کی زندگی بسر کر رہے ہیں - ویویکانند ریڈی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-18

کانگریس چھوڑنے والے غلاموں کی زندگی بسر کر رہے ہیں - ویویکانند ریڈی

انتخابات سے قبل کانگریس چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں شامل ہوجاے والے کانگریس قائدین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی نے آج الزام عائد کیا کہ وہ ان پارٹیوں میں اب غلاموں جیسی زندگی بسر کررہے ہیں ، واضح ہو کہ حالیہ لوک سبھا و اسمبلی انتخابات سے عین قبل سیما آندھرا کے بے شمار قائدین پارٹی چھوڑ کر تلگو دیشم یا وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شال ہوگئے تھے ۔ صدر پردیش کانگریس(اے پی) این رگھوویرا ریڈی نے یہاں پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس جب حکمراں تھی تب قائدین نے اقتدار کے مزے لوٹے اور پارٹی جب پریشانیوں کا شکار ہوئی تو وہ اسے چھوڑ کر چلے گئے اور دشمنوں سے ہاتھ ملالیا تاہم اب وہ دوسری پارٹیوں میں اپنی آزادی اور انفرادیت کھوچکے ہیں اور غلاموں جیسی زندگی بسر کررہے ہیں ۔ واضح ہو کہ رگھوویرا ریڈی کو انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ رگھوویرا ریڈی جنہوں نے پارٹی اجلاس کی قیادت کی، قائدین و کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کانگریس پارٹی کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے سخت جدو جہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام میں اعتماد سازی کرنی ہوگی جو کئی دہوں سے ہمارے ساتھ تھے ۔ ہم پہلے سے یہ جانتے تھے کہ ہمیں انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اس کے باوجود ہم نے صرف پارٹی کی خاطر مقابلہ کیا ۔ انتخابات سے قبل ہی میں نے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کو مطلع کردیا تھا کہ سیما آندھرا میں پارٹی کا مظاہرہ مایوس کن ہوسکتا ہے ۔ اب ہمیں پارٹی کی عظمت رفتہ دوبارہ حاصل کرنے کے لئے سخت جدو جہد کرنی ہوگی ۔ اجلاس میں سابق مرکزی وزرا جے ڈی سلیم، پلم راجو ، کلی کرو پارانی ، سابق ریاستی وزرا ایس شلیجا ناتھ اور دیگر بھی موجود تھے ، جنہوں نے حالیہ انتخابات میں پارٹی کے تباہ کن مظاہرہ کے اسباب کا جائزہ لیا ۔ اسی دوران یو این آئی کے بموجب اجلاس میں سینئر کانگریس قائد اور سابق رکن اسمبلی اے ویویکا نند ریڈی نے کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے پارٹی اجلاس میں ڈگ وجئے سنگھ کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد( انہوں نے راہول گاندھی کا نام نہیں لیا) شادی کیے بغیر پارٹی کے لئے کام کررہے ہیں لیکن ایک ضعیف آدمی دوبارہ شادی کرنے کا خواہاں ہے ۔(ان کا اشارہ ڈگوجئے سنگھ کی طرف تھا) انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایسے ہی قائدین ریاست میں پارٹی کی تباہی کے لئے ذمہ دار ہیں ۔ ویویکانند ریڈی نے اجلاس میں پارٹی کے سینئر قائدین کی موجودگی میں متنازعہ ریمارکس کیے۔ یہ پارٹی کا ریاستی سطح کا جائزہ اجلاس تھا ۔ ویویکانند ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کے مرکزی قائدین جن کے ناموں کا تلفظ ادا کرنے بھی سیما آندھرا عوام کو مشکل پیش آتی ہے ، ریاست کی غیر منصفانہ تقسیم کے ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مرکزی قائدین نے توہین آمیز طریقہ اختیار کرتے ہوئے ریاست کو دو لخت کردیا ۔ اس پر مستزاد مرکزی قائدین ایسے بیانات جاری کررہے ہیں جن سے تلگو عوام کے وقار اور عزت نفس کی توہین ہوتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سیما آندھرا کے عوام نے کانگریس پارٹی کو دھتکار دیا اور ہمیں بھاری قیمت ادا کرنی پڑی ۔ ویویکانند ریڈی نے جو سابق وزیر فینانس اے رام نارائن ریڈی کے چھوٹے بھائی ہیں ، مزید یہ بھی الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی نے ایسے قائدین کو ریاست کی تقسیم کی ذمہ داری سونپی جو تلگو بول سکتے تھے اور ناہی وہ تلگو رسم و رواج اور ثقافت سے واقف تھے ۔ یہ کانگریس کی ہمالیائی غلطی رہی ۔، یہی وجہ ہے کہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں یہاں سے ہمارا بے نظیر طریقہ پر صفایا ہوگیا۔

High Command insulted Seemandhra Congress Leaders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں