دہلی میں ای رکشہ پر پابندی نہیں لگائی جائے گی - گڈکری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-18

دہلی میں ای رکشہ پر پابندی نہیں لگائی جائے گی - گڈکری

مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈ کری نے دہلی کے ای رکشا آپریٹروں کوراحت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ بیاٹری سے چلنے والے ان رکشوں پر قومی دارالحکومت میں کوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی اور انہیں نان موٹرائزڈ گاڑیاں تصور کیاجائے گا۔ رام لیلا میدان میں رکشہ مالکین اور ڈرائیوروں سے خطاب کرتے ہوئے گڈ کری نے کہا کہ یہ رکشے650واٹ کی موٹر پر چلتے ہیں اس لئے انہیں موٹر گاڑی تصور نہیں کیاجائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ کل سے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ان گاڑیوں کو کوئی چالان نہیں کیاجائے گا۔ وزارت ٹرانسپورٹ نے ای رکشہ کو اپنے24اپریل کے اعلامیہ میں غیر قانونی گاڑی قرار دیا تھا ۔ قبل ازیں قواعد کے مطابق سہ پہیہ گاڑیاں جس میں250واٹ سے بھی کم طاقت کی موٹر لگی ہے اور جن کی رفتار25کلو میٹر فی گھنٹہ سے کم ہے ، انہیں موٹر گاڑی تصور نہیں کیاجاتا تھا لیکن حالیہ جاری کردہ موٹر وہیکل ایکٹ میں اس استثنیٰ کو برخواست کردیا گیا ۔ گڈ کری نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن دہلی صرف100روپے فیس لے کر ای رکشہ کو باقاعدہ بنائے گی ۔ ان گاڑیوں میں4مسافرین اور50کلو گرام تک وزن لیجانے کی اجازت ہوگی ۔ گڈ کری نے یہ اعلان بھی کیا کہ ان کی وزارت ای رکشہ خریدنے کے لئے3فیصد شرح سود پر قرض بھی فراہم کرے گی اور دین دیال ای رکشہ اسکیم کو جلد ہی شروع کیاجائے گا۔

Nitin Gadkari says E-rickshaws won't be banned in Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں