پونے میں مسلم آئی ٹی پروفیشنل کا قتل - مزید 4 افراد گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-06

پونے میں مسلم آئی ٹی پروفیشنل کا قتل - مزید 4 افراد گرفتار

جواں سال آئی ٹی پروفیشنل کے قتل کے سلسلہ میں ہندو تنظیم سے تعلق رکھنے کے شبہ میں مزید4افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ کل رات ہوئی ان گرفتاریوں کے بعد شیخ محسن صادق کے قتل کے سلسلہ میں گرفتار افراد کی تعداد17ہوگئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق ہندو تنظیم راشٹر سینا سے ہے۔ قبل ازیں پولیس نے شیخ محسن صادق کے پیر کی رات ہدپسہ کی بنکر کالونی میں ہوئے قتل کے سلسلہ میں اس تنظیم سے تعلق رکھنے والے 13افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف302(قتل)307(اقدام قتل) اور147(فساد بھڑکانا) جیسی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے تھے۔ ہدپسہ کے رہنے والے شیخ کوہاکی اسٹکس سے زدوکوب کرکے مبینہ طور پر ہلاک کردیا گیا ۔ وہ بنکر کالونی میں واقع اپنے مکان واپس ہورہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شیوسینا سربراہ بال ٹھاکرے اور شیواجی کی تصاویر کو فیس بک کر تضحیک آمیز انداز میں پیش کرنے کی وجہ سے ان پر یہ حملہ کیا گیاتھا۔ پولیس نے بتایا کہ قتل کے فوری بعد اس علاقہ میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کردی گئی تھی جہاں اب صورتحال قابو میں ہے ۔ سٹی پولیس کمشنر ستیش ماتھر نے بتایا کہ گرفتار اشرار کے خلاف مہاراشٹر انسدا د خطرناک سرگرمیاں ایکٹ(ایم پی ڈی اے) کی سخت دفعات کے تحت بھی مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ گرفتاریوں کے خلاف دائیں بازوکی طرف سے دی گئی بند کی اپیل کے دوران300بسوں اور خانگی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ اسی دوران ہندو راشٹر سینا کے سربراہ دھنجے دیسائی نے جسے اس قتل اور تشدد کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے تنظیم کے ان واقعات میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے ۔پونے کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے آج کہا ہے کہ شیواجی اور بال ٹھاکرے سے متعلق توہین آمیز فیس بک پوسٹ پر کچھ نتائج فطری ہیں ۔ انیل شیرو لے نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فیس بک پر جو کچھ ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ کچھ رد عمل فطری ہے ۔ مرکز نے آج پونے میں ایک آئی ٹی پروفیشنل کی ہلاکت کے بارے میں حکومت مہاراشٹر سے رپورٹ طلب کی ہے۔ وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ اس نوجوان پروفیشنل کی موت کی وجہ سے بننے والے حالات، خاطیوں کی گرفتاری اور شہر میں سیکوریٹی کو مستحکم کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

FB hate post: Four more Hindu outfit men arrested

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں