دہلی میں بی جے پی ہیڈ کوارٹرس پر کانگریس کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-19

دہلی میں بی جے پی ہیڈ کوارٹرس پر کانگریس کا احتجاج

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کی خواتین کارکنوں نے آج یہاں بی جے پی ہیڈ کوارٹرس کے باہر احتجاج منظم کیا اور مرکزی وزیر نہال چند میگھوال سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جن کا نام عصمت ریزی کیس میں سامنے آیا ہے ۔ آل انڈیا کانگریس مہیلا مورچہ کی صدر شوبھا اوزا کی زیر قیادت مظاہرین دوپہر میں 11اشوکا روڈ پر بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے اور مخالف بی جے پی نعرے لگائے ۔ ان کے ہاتھ میں پلے کارڈس بھی تھے جن پر میتھوال سے استعفیٰ کے مطالبے درج تھے ۔ مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹوں کو توڑنے کی بھی کوشش کی اور میتھوال کا پتلہ جلایا۔42سالہ میگھوال مودی کابینہ میں راجستھان کے واحد نمائندہ ہیں۔ وہ کیمیکلس اینڈ فرٹیلائزرس وزارت میں مملکتی وزیر ہیں ۔ ایک خاتون نے2011میں ان کے خلاف ایک آئی آر درج کرائی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس کے شوہر نے اسے مسلسل نشہ آور دوا دی اور اپنے دوستوں کے سامنے اسے پیش کیا۔ راجستھان پولیس نے2012میں یہ کیس بند کردیا تھا اور کہا تھا کہ الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں۔ بعد ازاں یہ خاتون ڈسٹرکٹ کورٹ سے رجوع ہوئی تھی۔ وہاں بھی اس کے الزامات خارج کرئیے گئے ۔ اس کے بعد اس نے درخواست نظر ثانی داخل کی تھی جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نے گزشتہ ہفتہ اس کیس میں میتھوال اور دیگر17افراد کو نوٹسیں جاری کی تھیں اور ان سے کہا تھا کہ وہ 20اگست تک جواب دیں ۔شوبھا اوزا نے کہا کہ یہاں بی جے پی کا دہرا چہرہ بے نقاب ہوا ہے ۔ جب اترپردیش میں عصمت ریزی کے واقعات پیش آتے ہیں تو وہ صدر راج کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن جب مدھیہ پردیش اور راجستھان میں ایسے واقعات پیش آتے ہیں تو وہ خاموشی اختیار کرتے ہیں۔ اگر بی جے پی کے لئے عصمت ریزی مقدمات معمول کی بات ہے تو انہوں نے خواتین کے لئے کس قسم کی سیکوریٹی کا وعدہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے خواتین کے خلاف جرائم کو بالکل برداشت نہ کرنے کا پارلیمنٹ میں اعلان کیا ہے تو ہم ان سے جاننا چاہتے ہیں کہ کیا یہی ان کا وعدہ ہے ۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیا کہ متاثرہ لڑکی پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اور اس کے لئے سیکوریٹی کا مطالبہ کیا۔ شوبھا اوزا نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ کیس واپس لینے اس پر دباؤ ڈالا جارہا ہے ۔ وزرا اور غنڈے متاثرہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ میگھوال اپنی طاقت اور عہدے کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ہمیں امید نہیں کہ متاثرہ لڑکی کو انصاف ملے گا ۔ ہم نہال چندے سے فوری استعفیٰ دینے اور زندہ بچ جانے والی خاتون کو سیکوریٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

Congress Stages Protest Outside BJP HQ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں