عام آدمی پارٹی میں پھوٹ ڈالنے کا بی جے پی پر الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-19

عام آدمی پارٹی میں پھوٹ ڈالنے کا بی جے پی پر الزام

نئی دہلی
یو این آئی
دہلی میں حکومت سازی کے لئے جاری سرگرمیوں کے درمیان عام آدمی پارٹی( آپ) اور بی جے پی کے درمیان زبانی جنگ تیز ہوگئی ہے ۔ آپ کے ارکان اسمبلی نے بی جے پی پر ان سے رابطہ کرنے اور حکومت بنانے کے لئے پارٹی توڑنے کا الزام لگایا ہے دوسری طرف بی جے پی نے ان الزاموں کو سرے سے خارج کردیا ہے ۔ روہنی سے آپ کے رکن اسمبلی راجیش گرگ نے آج کہا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر مسلسل رابطہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ کرنے والے لیڈروں کا کہنا ہے کہ آپ ختم ہوگئی ہے اور ہمارے ساتھ مل جائیں ۔ گرگ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس کے ثبوت ہیں اور وہ جلد ہی بی جے پی کے لیڈروں کو بے نقاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا حکومت سازی کے لئے اس سطح پر گرنا کوئی حیران کن بات نہیں ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کے آر پی سنگھ نے گرگ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے پاس ثبوت ہے تو انہیں سامنے لانا چاہئے ۔ بی جے پی بابر پور سے رکن اسمبلی نریش گوڑنے بھی آپ کے دعوے کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ دہلی میں اسمبلی ارکان کی خریدوفروخت کی کوئی بات نہیں چل رہی ہے ۔ اگر بی جے پی کو توڑ پھوڑ کرکے ہی دہلی میں حکومت بنانی ہوتی تو وہ کام چھ ماہ پہلے ہی کرلیتی ۔ بی جے پی اقدار میں یقین رکھنے والی پارٹی ہے ۔ دریں اثناء مٹیا محل سے جنتا دل (متحدہ) کے ایم ایل اے شعیب اقبال نے آپ اور کانگریس کی حمایت سے دہلی میں ایک بار پرھ حکومت سازی کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کو مل کر حکومت بنالیتی چاہئے ۔ اقبال نے کہا کہ اگر دونوں نے مل کر حکومت نہیں بنائی اور بی جے پی حکومت بنانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ دہلی میں دس سال تک حکومت سے باہر ہوجائیں گے ۔ آپ حکومت کو پہلے ہی حمایت کرچکے آزاد رکن اسمبلی رام ویر شوقین نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی حکومت بنا کا دعویٰ کرتی ہے تو وہ حمایت کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ واضح رہے کہ بی جے پی کی دہلی شاخ کے انچارج پربھات جھانے کل کہا تھا کہ آپ کے کئی لیڈر ان کے رابطے میں ہیں۔ جھانے کہا تھا کہ بی جے پی توڑ پھوڑ کی سیاست نہیں کرے گی اور اگر کوئی خود پارٹی میں شامل ہونا چاہے تو اس سے پرہیز نہیں ہے۔ دہلی کے سابق وزیر قانون سومانتھ بھارتی نے آج کے ممبران کے پارٹی چھوڑنے سے متعلق کہا کہ جس مٹی سے ہمارے ارکان اسمبلی بنے ہیں اس مٹی کے لوگ ایسا کام نہیں کرتے۔

AAP accuses BJP of offering bribe to its MLAs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں