چین اپنے پڑوسی ممالک کے لئے خطرہ نہیں - چینی صدر ژی جن پینگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-30

چین اپنے پڑوسی ممالک کے لئے خطرہ نہیں - چینی صدر ژی جن پینگ

چین کے صدر ژی جن پینگ نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان یا میانمار جیسے کسی پڑوسی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے۔ صدر ژی جن پینگ نے پنچ شیل کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر یہاں گریٹ ہال میں منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کو اپنی حفاظت کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوجی قوت کا استعمال یا طاقت کا استعمال کسی ملک کی طاقت کا مظہر نہیں ہے بلکہ یہ حملہ آور ملک میں اخلاقی فقدان اور اس کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے ۔ ہندوستان کے نائب صدر حامد انصاری اور میانمار کے صدر تھین سین جیسے تقریباً700اہم مہمانوں کے کھچا کھچ بھرے گریٹ ہال میں چینی صدر نے کہا کہ حفاظت کے معمالے میں تمام ممالک کو بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر شامل ہونے کا حق ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی حفاظت کے تئیں فطری طور پر سنجیدہ ہونا چاہئے لیکن دوسروں کی حفاظت کا بھی خیال رکھنا چاہئے۔ چینی صدر نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعہ ہوسکتا ہے لیکن اس معاملہ کا حل بات چیت کے ذریعہ نکالا جانا چاہئے ۔، انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کا حل پرامن طور پر آپسی اتفاق سے کیاجاتا ہے تو اس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد بڑھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت کے استعمال کی دھمکی کو خارج کیاجانا چاہئے اور اس کے لئے مہذب معاشرہ میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایشیابحر الکاہل کے خط میں حفاظت کے دور کا آغاز ہونا چاہئے ۔، اس کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر شفافیت کے طریقے اور مساوات کے ساتھ کام کیاجانا چاہئے تاکہ خطہ اور دنیا میں امن قائم رکھا جاسکے ۔، انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان اور میانمار کے لئے چین کسی بھی طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، میانمار اور چین کو باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے کام کرنا چاہئے ۔صدر ژی جن پینگ کے خطاب سے پہلے چین نے ایک متنازعہ نقشہ جاری کیا جس میں ارونا چل پردیش کو اپنا حصہ دکھایا گیا اور پاکستان مقبوضہ کشمیر( پی او کے) کے راستہ پاکستان تک ریلوے لائن بچھانے کا فیصلہ کیا گیا جس نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو کشیدہ بنادیا۔ اسی تقریب میں ہندوستان کی باوقارسنگیت ناٹک اکیڈیمی نے ڈانس ٹروپ نے پنچ شیل کی60ویں تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں متاثر کن مظاہرہ کیا جس میں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ، چین کے صدر ژی جن پینگ اور میانمار کے ان کے ہم منصب تھین سین نے شرکت کی ۔ ڈانس ٹروپ نے سپتکم سے موسوم ہندوستانی رقص کا مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر چین اور میانمار کے ڈانس گروپ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ نائب صدر کی اہلیہ سلمی انصاری، وزیر کامرس نرملا سیتا رامن، خارجہ سیکریٹری سجاتا سنگھ ، چین میں ہندوستانی سفیر اشوک کے کنٹھا اور دیگر عہدیدارموجود تھے ۔ میانمار کی طرف سے اس کے صدر سین اور اس کے وفد کے ارکان نے شرکت کی ۔ تینوں قائدین نے فنکاروں کو مبارکباد دی ۔ سنگیت ناٹک اکیڈیمی کے ٹروپ کے ارکان ایک سال طویل گلیمپ سیس آف انڈیا فیسٹول کے ایک حصہ کے طور پر چین کا دورہ کررہے ہیں ۔ ٹروپ کے ارکان نے بیجنگ میں واقع ایک تھیٹر میں دو مرتبہ اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر چینی شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

China fetes India, Myanmar, says Beijing poses no threat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں