اروند کجریوال کے خلاف الزام وضع - عدالت کا اقدام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-07

اروند کجریوال کے خلاف الزام وضع - عدالت کا اقدام

دہلی کی ایک عدالت نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) لیڈر اورند کجریوال کے خلاف بی جے پی لیڈر نتن گڈ کری کی داخل کردہ شکایت پر، کجریوال کیخلاف ہتک عزت الزام وضع کیا ۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ گومتی منو چانے کجریوال نے تحت دفعہ251ضابطہ فوجداری ، نوٹس وضع کی اور گڈ کری و نیز ان کے گواہوں کے شہادتی بیانات کی قلمبندی کے لئے تاریخ آئندہ2اگست مقرر کی ۔ عدلات نے کجریوال کے خلاف الزام اس وقت وضع کیا جب کجریوال نے مجسٹریٹ کی اس تجویز پر توجہ دینے سے انکار کردیا کہ ان کے کجریوال کے خلاف گڈ کری کے دائر کردہ مقدمہ کا دوستانہ انداز میں تصفیہ کرلیا جائے ۔ حتی کہ مرکزی وزیر گڈکری نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ اگر عام آدمی پارٹی لیڈر اپنے مبینہ ہتک آمیز بیان سے دستبردار ہوجانے تیار ہیں تو وہ (گڈ کری) اپنی شکایت واپس لے لیں گے ۔ مجسٹریٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ 30جنوری2014کو آپ نے شکایت کنندہ نتن گڈ کری کے خلاف الزامات؍بیانات میڈیا میں شائع کرائے ۔ ان بیانات میں کہا گیا تھا کہ وہ(گڈکری) ایک رشوت خور سیاستداں ہیں اور عوام کو یہ غور کرنا چاہئے کہ آیا انہیں ان کو(گڈ کری) کو ووٹ دینا چاہئے‘‘،۔ تاہم عدالت نے شخصی حاضری سے استثنیٰ کی کجریوال کی درخواست منظور کرلی ۔ الزام وضع کئے جانے کے بعد کجریوال نے الزام منسوبہ سے انکار کیا اور مقدمہ کا سامنا کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ آج صبح عدالت نے کجریوال کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس تنازعہ کو دفن کردیں اور گڈ کری کے ساتھ مسئلہ کا دوستانہ تصفیہ کرلیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ’’آپ دونوں عدالت کے سامنے ہاتھ کیوں نہیں ملا لیتے اور اس معاملہ کو دوستانہ انداز میں کیوں ختم نہیں کرلیتے ۔ آپ اس تنازعہ کو دفن کیوں نہیں کرتے اور وقت کو مزید مثبت انداز میں استعمال کیوں نہیں کرتے . آپ دونوں مشہور سیاستداں ہیں ۔ عوام آپ کی جانب نظریں اٹھائے ہوئے ہیں‘‘ گڈ کری نے جو اس کیس میں عدالت میں پیش ہوئے عدالت کو بتایا کہ دیانتداری ان کی سیاسی طاقت ہے اور ان کی شہرت ان کا سرمایہ ہے ۔ ’’میں ایک دیانتدار سیاستداں ہوں اور میرے خلاف کجریوال کے عائد کردہ اہانت آمیز الزام سے میری نیک نامی کو نقصان پہنچا ہے ۔ کجریوال سے میری کوئی شخصی دشمنی نہیں ہے‘‘۔ گڈ کری نے عدالت سے یہ بھی کہا کہ وہ(گڈ کری)اس مسئلہ کا تصفیہ کرنے تیار ہیں بشرطیکہ کجریوال اپنا بیان واپس لے لیں ۔ تاہم کجریوال نے اپنا بیان واپس لینے سے انکار کردیا اور کہا کہ تمام الزامات کا دستاویزی ثبوت ان کے پاس موجود ہے ۔

Arvind Kejriwal to face trial in Nitin Gadkari defamation case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں