اترپردیش کے ساتھ جانبداری برتنے کا میڈیا پر الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-04

اترپردیش کے ساتھ جانبداری برتنے کا میڈیا پر الزام

بدایوں اجتماعی عصمت ریزی اور قتل واقعہ پر ملک گیر برہمی کے دران چیف منسٹر اکھلیش یادو نے آج میڈیا پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف اتر پردیش میں ہونے والے واقعات کو اجاگر کرتا ہے ، جب کہ دیگر ریاستوں میں پیش آنے والے واقعات کو نظر انداز کردیاجاتا ہے ۔ اس شرمناک واقعہ پر تنقیدوں کا سامنا کررہے چیف منسٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت نے اس معاملہ اور دیگر معاملات میں اقدامات کئے ہیں ۔ اکھلیش نے کابینی اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کوبتایا کہ ریاست کے ضلع بدایوں میں پیش آئے واقعہ کے علاوہ دیگر واقعات کے سلسلہ میں حکومت نے سخت کارروائی کی ہے ۔ حکومت نے بدایوں میں ہر ممکن اقدام کیا۔ سی بی آئی انکوائری کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست میں جہاں کہیں ایسے واقعات پیش آئے ہیں ، کارروائی کی گئی ہے ۔ میں نے پہلے بھی کئی مرتبہ کہا ہے کہ صرف اس ریاست میں پیش آنے والے واقعات کو نمایاں کیاجاتا ہے ۔ ایسے واقعات صرف اتر پردیش میں پیش نہیں آتے ۔ اکھلیش نے کہا کہ بنگلور میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ۔ کیا اسے قومی چینلوں پر پیش کیا گیا ۔ مدھیہ پردیش میں بھی واقعات پیش آرہے ہیں ۔ مجھے اطلا ع ملی تھی کہ ایک بڑے وزیر کے گھر کے قریب ان کی چین چھین لی گئی ۔ راجستھان کی مثال آپ کے سامنے ہے لیکن چالاک لوگوں کو صرف اترپردیش ہی نظر آتا ہے ۔ برقی بحران کے مسئلہ پر احتجاج کررہی بی جے پی پر جوابی وار کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ حریف جماعت کی مرکز میں حکومت ہے ۔ لیکن وہ اتر پردیش کو اس کے مکمل کوٹہ کے مطابق بجلی فراہم کررہی ہے اور نہ پلانٹس کو چلانے کوئلہ دے رہی ہے ۔ یہ بی جے پی والے بہت چالاک ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اس مسئلہ پر دھرنا دیا ہے ۔ اکھلیش نے کہا کہ ان کے لوگوں نے مجھ سے ملاقات کی اور میں نے ان کی تجویز قبول کرلی۔ انہوں نے نظام کو بہتربنانے کی بات کہی اور میں نے اسے قبول کرلیا ۔ میں نے ان سے کہا کہ وہ مرکز سے ہمارا کوٹہ بڑھانے اور کوئلہ فراہم کرنے کے لئے کہیں۔ سڑکوں پر نکل آنااور احتجاجی مظاہرے کرنابے معنی ہے ۔ یو این آئی کی بموجب بدایوں اجتماعی عصمت ریزی و قتل کیس میں آج حکومت اتر پردیش کی مشکلات میں اس وقت اجافہ ہوا جب الہ آباد ہائی کورٹ کے لکھنو بنچ نے حکومت کو اس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے عدالت کو واقف کرانے کی ہدایت سی۔ جسٹس امتیاز مرتضی اور جسٹس ششی کانت پر مشتمل بنچ نے ایک شخص پرنس لینن کی شکایت پر یہ احکام جاری کئے ۔ درخواست گزار نے اس کیس میں حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی خواہش کی تھی ۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ اپنا جواب داخل کرے اور درخواست گزار کو بھی ہدایت دی کہ وہ اس کیس میں پوسٹ مارٹم اور ایف آئی آر رپورٹ کی نقل پیش کرے ۔ عدالت اس کیس کی مزید سماعت 9جون کو کرے گی۔ آئی اے این کی اطلاع کے بموجب چیف منسٹر اکھلیش یادو نے پرنسپال سکریٹری(داخلہ) انیل کمار گپتا کاتبادلہ کردیا لیکن عہدیدار کے خلاف کارروائی کی کوئی وجوہات نہیں بتائیں۔ زرائع نے آج یہ بات کہی ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر ڈائرکٹر جنرل پولیس اے ایل بنرجی موضع کاٹر اسعادت گنج جائیں گے اور دو مہلوک لڑکیوں کے والدین سے ملاقات کریں گے جن کی اجتماعی عصمت ریزی کے بعد قتل کردیا گیا ۔ بنرجی متاثرین کے ارکان خاندان کی حفاظت و سلامتی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ ایک متاثرہ کے والد نے دھمکیاں موصول ہونے کی شکایت کی ہے ۔

Akhilesh accuses media, Centre of being partial to UP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں