مشرقی گوداوری گیس پائپ لائن المیہ - مہلوکین کی تعداد 17 ہو گئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-29

مشرقی گوداوری گیس پائپ لائن المیہ - مہلوکین کی تعداد 17 ہو گئی

اے پی پولیس نے کل ضلع مشرقی گوداوری کے موضع ناگارم میں پائپ لائن دھماکہ اور مہیب آتشزدگی کے واقعہ پر سرکاری زیر ملکیت گیاس اتھاریٹی آف انڈیا لمٹیڈ(گیل) کے خلاف ایک تازہ مقدمہ درج کرلیا جب کہ اس المیہ میں مرنے والوں کی تعداد سترہ تک پہونچ گئی ہے ۔ کیونکہ آج یہاں کے اپولو ہاسپٹل میں دو افراد اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے جن میں ایک بچی بھی شامل ہے ۔ ان کی شناخت5سالہ لکشمی جیوتسنا اور20سالہ سوریا نارئنا کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مزید پانچ زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے کیونکہ وہ80فیصد تک جھلس گئے تھے۔ ضلع مشرقی گوداوری کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جی وجئے کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ناگارم وموضع کے رئائشی علاقوں سے گزرنے والی گیاس پائپ لائن میں گیاس کا رساؤ جاری تھا اور اس علاقہ میں علی الصبح ایک چائے والے نے اسٹو سلگانے کے لئے جیسے ہی ماچس کی تیلی جلائی، اچانک بھیانک آگ بھڑک اٹھی ۔ پائپ لائن ، دھماکہ سے پھٹ پڑی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے مہیب شعلوں نے اطراف و اکناف کے مکانوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اس واقعہ میں کل ہی15افراد ہلاک اور 20زخمی ہوگئے تھے۔ آگ کے شعلے آسمان میں کئی میٹر بلند دیکھے گئے اور نصف کلو میٹر کے دائرہ میں شعلوں نے ہر چیزکو جلا کر راکھ کردیا جن میں مکانات ، گاڑیاں اور ناریل کے درخت بھی شامل ہیں ۔ پولیس نے عوامی شعبہ کی کمپنی گیاس اتھاریٹی آف انڈیا لمٹیڈ کے خلاف ایک تازہ مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ یہ مقدمہ تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ۔ کل پولیس نے کمپنی کے خلاف ایک ہی مقدمہ درج کیا تھا جس میں غیر طبعی موت سے متعلق دفعہ کا حوالہ دیا گیا تھا ۔، تازہ مقدمہ میں کمپنی کے خلاف کئی سنگین دفعات لاگو کی گئی ہیں ۔ قبل ازیں ابتدائی تحقیقات کے تحت عینی شاہدین اور مہلوکین و زخمیوں کے رشتہ داروں سے پوچھ تاچھ اور بیانات کی بنیاد پر تازہ مقدمہ درج کیا گیا۔ کئی گاؤں والوں کا الزام ہے کہ انہوں نے گیاس لیکج کی کئی مرتبہ شکایت کی تھی۔ پائپ لائن سے بدبودار گیاس کے اخراج کے بارے میں ہم نے کل غیر طبعی موت کی دفعتہ174کے تحت مقدمہ درج کیا تھا تاہم آج گاؤں والوں کے الزام پر کہ پائپ لائن میں گیاس کے رساؤ کی چند دن قبل ہی اطلاع دیے جانے کے باوجود کمپنی نے پائپ لائن کی مرمت کے کوئی کام نہیں کیے ہم نے کمپنی کے خلاف نیا مقدمہ درج کیا ہے جس میں کئی سنگین دفعات لاگو کی گئی ہیں۔ زیر زمین گزرنے والی18انچ قطر کی پائپ لائن وجئے واڑہ کے قریب لینکو کونڈہ پلی پاور پلانٹ کو گیاس لے جاتی تھی ۔ دھماکہ اس قدر شدید اور طاقتور تھا کہ جہاں سے گیاس کا رساؤ ہورہا تھا وہاں کئی میٹر گہرا اور لمبا چوڑا گڑھا ہوگیا ۔ واقعہ کی جامع تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ یہ پائپ لائن گیل نے ہی بچھائی تھی اور تحقیقاتی ٹیم متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لے رہی ہے ،۔ کمپنی کے عہدیداروں سے بھی پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ گاؤں والوں کا یہ بھی الزام ہے کہ پائپ لائن دو دہے قدیم ہے اور پوری طرح زنگ کھاچکی تھی۔ تحقیقاتی عہدہ اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا عوامی شعبہ کی کمپنی نے رہائشی علاقہ سے گیاس پائپ لائن گزارتے ہوئے ضروری احتیاطی اقدامات ملحوظ رکھے تھے یا نہیں ۔

Andhra Pradesh pipeline fire: Death Toll reaches 17

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں