تقسیم کے بعد آندھرا پردیش اسمبلی کا آج آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-19

تقسیم کے بعد آندھرا پردیش اسمبلی کا آج آغاز

حیدرآباد
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کا پہلا سیشن 19جون کو11:52بجے دن اولڈ اسمبلی بلڈنگ میں شروع ہوگا ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس وقت کا مہورت نکالا ہے۔ عبوری اسپیکر پی نارائن سوامی، اسمبلی کے نومنتخبہ ارکان کو حلف دلائیں گے ۔ حلف برداری کے بعد ایوان اپنے رکن ٹی پربھاکر راؤ کو خراج ادا کرے گا جن کا دو دن قبل حملہ کے باعث انتقال ہوگیا ہے ۔ بعد ازاں ایوان کی کاروائی ملتوئی کردی جائے گی۔ انتخابی نتائج کا حالانکہ16مئی کو اعلان کردیا گیا تھا لیکن ریاست کی تقسیم کے اقدامات جاری رہنے کی وجہ سے اسمبلی سیشن شروع نہیں کیا گیا ۔ یہ اقدامات 2جون کومکمل ہوئے ہیں ۔ آندھر اپردیش کی نئی حکومت کی حلف برداری8جون کو عمل میں آئی جہاں چندرابابو نائیڈو نے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ 12جون کو ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں19جون سے اسمبلی کا پہلا سیشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ 20جون کو9:22 بجے صبح اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا گورنر ای ایس ایل نرسمہن 21جون کو8:55بجے قانون ساز کونسل اور قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس کو خطاب کریں گے ۔ ایک دن کے وقفہ کے بعد ایوان گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث کا آغاز کرے گا جو24جون کو بھی جاری رہیں گے ۔ وزیر فینانس این رام کرشنوڈو نے ڈائرکٹر جنرل پولیس( انچارج) جے وی راموڈو اور دوسرے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اسمبلی میں سیکوریٹی ڈیوٹی پر تقریباً1200ملازمین پولیس کو متعین کیا گیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ سیکوریٹی انتظامات کی نگرانی حیدرآباد پولیس کرے گی اور اگر ضروری ہوا تو آندھرا پردیش سے زائد فورس متعین کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے اسپیکر کے جائزہ حاص کرنے کے بعد سیکوریٹی کے مستقل انتظامات کئے جائیں گے ۔

AP assembly meeting after bifurcation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں