پولاورم پراجکٹ پیشرفت کے لئے مرکز سے مطالبہ اے پی اسمبلی میں قرارداد منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-25

پولاورم پراجکٹ پیشرفت کے لئے مرکز سے مطالبہ اے پی اسمبلی میں قرارداد منظور

حیدرآباد
آئی اے این ایس
اے پی اسمبلی نے آج ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے مرکز پر زور دیا کہ وہ پولا ورم پراجکٹ پر پیشرفت کرے اور اس پراجکٹ میں زیر آب آجانے والے مواضعات کے آندھرا پردیش میں انضمام کے لئے جاری کردہ آرڈیننس کی جگہ قانون سازی کرے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ایوان میں یہ قرار داد منظور کی جسے بعد ازاں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آبپاشی پراجکٹ اسی وقت تعمیر کیاجاسکتا ہے جب تلنگانہ کے200مواضعات کا اے پی میں انضمام عمل میں لایا جائے جن کے زیر آب آجانے کا اندیشہ ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پراجکٹ مرکزی آبی کمیشن کے تیار کردہ ڈیزائن کے مطابق مکمل کیاجائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پراجکٹ سے اے پی کے5یا6اضلاع کی آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضرورتیں پوری ہوں گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پراجکٹ سے تلنگانہ کے مفادات متاثر نہیں ہوں گے ۔ واضح ہو کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ ماہ ایک آرڈیننس جاری کرتے ہوئے تلنگانہ کے ضلع کھمم کے200مواضعات کے اے پی کو منتقلی عمل میں لائی تھی ۔ یہ شائد اس لئے کیا گیا تاکہ مستقبل میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے درمیان کوئی تنازعات سامنے نہ آئیں ۔ تلنگانہ نے تاہم اس آرڈیننس کی سختی سے مخالفت کی ۔ تلنگانہ اسمبلی میں14جون کو ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے مرکز پر آرڈیننس کی منسوخی کے لئے زور دیا گیا ۔ یو این آئی کے بموجب اے پی اسمبلی میں ہماچل پردیش کے دریائے بیاس المیہ کا شکار شہر کے ایک انجینئرنگ کالج کے طلباء کی موت پر ایک تعزیتی قرار داد منظور کی گئی۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے قرار داد پیش کرتے ہوئے طلباء کے ارکان خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدمات رو بہ عمل لائیں جائیں گے کہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آئیں ۔ اس واقعہ میں24انجینئرنگ طلباء پانی کی لہروں میں بہہ گئے تھے ۔ دریا سے تاحال17نعشیں برآمد کی گئی ہیں۔ تمام مہلوکین کے احترام میں ایوان میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ بعد ازاں اے پی اسمبلی نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی14سالہ پورناکو مبارکباد پیش کی ۔ دنیا کی بلند ترین چوٹی کو فتح کرنے والی یہ سب سے کم عمر لڑکی تھی ۔ ایوان میں آنند کو بھی مبارکباد پیش کی گئی جو پورنا کے ساتھ ایورسٹ چڑھنے میں کامیاب رہا ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ پورنا کی کامیابی تمام نوجوانوں کے لئے ایک مثال ہے ۔

AP Assembly resolution gives go ahead to Polavaram project

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں