بہار - راجدھانی اکسپریس کے تمام ڈبے پٹری سے اتر گئے - 5 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-26

بہار - راجدھانی اکسپریس کے تمام ڈبے پٹری سے اتر گئے - 5 ہلاک

پٹنہ
آئی اے این ایس
پٹنہ سے لگ بھگ100کیلو میٹر دور چھپرا کے قریب گولڈن گنج ریلوے اسٹیشن سے نزدیک آج صبح کی اولین ساعتوں( رات2:30بجے) میں دہلی ، ڈبرو گڑھ راجدھانی ایکسپریس کا انجن اور تمام12ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ اس حادثہ میں کم از کم5افراد ہلاک اور کم از کم13زخمی ہوگئے۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ چیف منسٹر جیتن رام مانجھی نے سبو تاج کے امکانات کو مسترد کردیا ہے ۔ اگرچہ کم و بیش500میٹر ریلوے لائن اکھڑی ہوئی پائی گئی ۔ حادثہ کے وقت مسافرین سوئے ہوئے تھے ۔ ریلوے روٹ پر جو شمال مشرق سے مشرق ہند کو ملاتا ہے ، ٹرینوں کی آمد و رفت مفلوج ہوگئی ۔ ایسٹ سنٹرل ریلوے کے ترجمان اروند کمار نے یہ بات بتائی ۔ پٹریوں سے انجن اور ڈبوں کے اترنے کی وجہ ہنوز واضح نہیں ہوسکی ۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ہلاکتوں پر اظہار رنج کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا ظاہر کی ہے ۔ وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا کہ وہ(مودی) وزیر ریلوے ڈی وی سدانند گوڑا کے ساتھ ربط میں ہیں ۔ گوڑا فوری مقام حادثہ پہنچ گئے ۔ اپنی روانگی سے قبل انہوں نے پٹنہ میں میڈیا کو بتایا کہ حادثہ کے سبب کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ریلوے اور ضلع عہدیداروں سے ملاقات کے بعد ہی وہ کچھ کہہ سکیں گے ۔ امدادی اور بچاؤ کام زوروشور سے جاری ہیں ۔ وزارت ریلوے نے ہر مہلوک کے خاندان کو 2لاکھ روپے ،شدید زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو فی کس20ہزار روپے ایکس گریشیا ادا کرنے کا اعلان کیا ۔ بہار پولیس کے ترجمان ایس کے بھردواج نے مہلوکین کی تعداد5بتائی اور کہا ہے کہ بیشتر زخمیوں کو پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں شریک کرادیا گیا ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس سدھیر کمار نے قبل ازیں کہا تھا کہ بعض زخمیوں کو چھپرا اور پٹنہ کے ہسپتالوں کو لے جایا گیا ہے ۔ چھپرا کے بی جے پی رکن لوک سبھا راجیو پرتاب روڈی نے اس علاقہ میں ماؤسٹ سرگرمیوں کا حوالہ دیا ۔ اس کے بعد سدھیر کمار نے حادثہ میں سبو تاج یا ماؤسٹوں کے ملوث ہونے کے امکانات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے سرن میں کہا کہ’’یہ ایک حادثہ ہے جو فنی خرابی کا نتیجہ ہے ۔ ریلوے لائن کا تقریباً500میٹر حصہ اکھڑا ہوا تو پایا گیا لیکن کسی دھماکہ کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور نہ ہی مقام حادثہ پر کوئی دھماکو شئے پائی گئی‘‘۔ اسی دوران مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی کہا ہے کہ ماؤسٹوں کو الزام دینا قبل از وقت ہوگا ۔ راجیو پرتاپ روڈی نے قبل ازیں ’’ماؤسٹوں کی دھمکیوں‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ’’میں اس کیس کے میرٹس میں جانا نہیں چاہتا کیوں کہ یہ سبو تاج نظر آتا ہے ۔ ریلوے لائن کو دیکھنے کے بعد میں اس نتیجہ پر پہنچا ہوں ۔ میں نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے بات کی ہے اور اس واقعہ کے بارے میں انہیں واقف کرایا ہے اور دونوں ہی قائدین فکر مند ہیں ‘‘۔ اسی دوران چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی نے کہا ہے کہ ’’ماؤسٹوں کا کوئی تعلق نہیں ہے‘‘۔، مانجھی نے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس50ہزار روپے معاوضہ دینے کااعلان کیا ہے ۔ اسی دوران سابق چیف منسٹر نہار نتیش کمار نے کہا ہیکہ’’یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ماؤسٹ ملوث ہیں۔میں کود وزیر ریلوے رہا ہوں ۔ جب تک تحقیقات نہ ہوں ہم ایسی باتیں نہیں کہہ سکتے ‘‘۔ خبر ملی ہے کہ حکومت بہار نے اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دید یا ہے۔ دریں اثناء سابق وزیر ریلوے وقائد آر جے ڈی لالو پرساد یادو نے کہا کہ آج ہوئی تباہی’’غفلت کا نتیجہ تھی۔ ریلویز کو اس حادثہ کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ۔ اسی دوران موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ بہار ہی کے ضلع مشرقی چمپارن میں موتی ہری کے قریب ایک اور حادثہ میں ایک مال گاڑی کے18ڈبے بھی پٹری سے اتر گئے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب بہار کے ضلع چھپرا میں راجدھانی ایکسپریس کے حادثہ کے بعد آج آر پی ایف کے ایک سینئر عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ بہار کے ترہٹ اور سارن علاقوں میں ریلوے املاک پر ماؤسٹوں کے امکانی حملہ کے بارے میں وزارت ریلوے کے پاس انٹلی جینس مواد تھا اور وزار ت ریلوے نے ایسٹ سنٹرل ریلوے ، جی آر پی اور ضلع اڈ منسٹر یشنس کو چوکس کردیا تھا ۔ (مظفر پور، دربھنگہ ، چھپرا اور حاجی پور ان علاقوں میں شامل ہیں جو بہار میں ترہٹ اور سارن ریجنس پر مشتمل ہیں)۔ریلویز نے گزشتہ20جون کو متعلقہ حکام کے نام انٹلی جینس مشاورتی نوٹ جاری کردی اتھا تاکہ وہ حکام ماؤسٹوں کی بند اپیل کے پس منظر میں کافی احتیاطی اقدامات کریں تاکہ اس ریجن میں ریلوے املاک پر امکانی حملوں کو روکا جائے ۔ آج مذکورہ علاقہ ریجن میں دو حادثے ہوئے ۔ ایک حادثہ راجدھانی ایکسپریس کا اور دوسرا مال گاڑی کا۔ ریلویز کو شبہ ہے کہ یہ ماؤسٹوں کی کارستانی یا سبو تاج ہے ۔ دریں اثناء ریلوے بورڈ کے صدر نشین ارونیندر کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ بادی النظر میں یہ سبو تاج کا کیس نظر آتا ہے ۔ ریلوے لائن پر دھماکہ ہوا تھا جو ریلوے لائن پر سے ٹرین کے ڈبوں کے اتر جانے کا سبب بنا ۔ دوسرا حادثہ پٹری سے مال گاڑی کے اتر جانے کا ہے۔ یہ واقعہ ریلوے اسٹیشن سے60کلو میٹر دور پیش آیا اور دھماکہ کے سبب مال گاڑی کے18ڈبے پٹری سے اتر گئے ۔ خبر ملی ہے کہ منسٹر آف اسٹیٹ برائے ریلوے منوج سنہا ، ریلوے بورڈ رکن (ٹریفک) ڈی پی پانڈے اور رکن میکانیکل آلوک جوہری ونیزڈائرکٹر جنرل آر پی ایف کرشنا چودھری کے ساتھ مقام حادثہ پہنچ گئے تاکہ ابتدائی اطلاع حاصل کریں ۔ آؒ انڈیا ریلوے مینس فیڈریشن کے جنرل سکریٹری شیو پال گوپال مشرا نے راجدھانی ایکسپریس کے حادثہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا اگرچہ حادثہ کی ٹھیک ٹھیک وجہ کا علم ، تحقیقات کے بعد ہی ہوگا ، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ سبو تاج کیس ہے ۔

Five Killed as Rajdhani Express Derails in Bihar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں