میرٹھ میں کشیدگی برقرار - لوگوں کی نقل مکانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-15

میرٹھ میں کشیدگی برقرار - لوگوں کی نقل مکانی

میرٹھ کوتوالی کا متاثرہ علاقہ فی الحال سنگینوں کے سائے میں ہونے کی وجہ سے یہاں کشیدہ صورتحال بنی ہوئی ہے اور پولیس اور انتظامیہ حالات کے قابو میں ہونے کا دعویٰ کررہا ہے لیکن علاقے کے لوگ کتنے خوفزدہ ہیں اس کا اندازہ اس سے لگا پانا قطعی مشکل نہیں کہ ان لوگوں کی محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی جاری ہے ۔آج پرانے شہر کے اگرچہ تمام بازار کھل گئے لیکن دور دراز سے پیٹ پالنے یہاں آنے والے زیادہ تر اقلیتی فرقہ کے صرافہ کاریگر تشدد سے متاثرہ علاقے کو محفوظ نہیں مان رہے ہیں جب کہ دوسری طرف ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی کے سخت انتظام کی یقین دہانی کے بعد آج سے صرافہ مارکیٹ کے علاوہ کاغذی بازار ، لالہ کا بازار اور تیر گران کے بازار کھل گئے جس سے شہر معمول کی طرف واپس آنے لگا ہے لیکن لوگوں میں دہشت برقرار ہے ۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال کے مدنا پور، باگنان، ہاوڑہ، ہگلی اور کلیانی کے سیکڑوں کاریگر تقریباً ڈیڑھ دہائی سے میرٹھ میں صرافہ کاریگر کے طور پر کام کررہے ہیں۔ بازار کے قریب اور آسانی کو دیکھ کر زیادہ تر لوگوں نے کرایہ پر مکان لے رکھے ہیں۔ گزشتہ10مئی کو ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کے بعد وہ نہایت خوفزدہ ہوگئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پردیس میں اپنا پیٹ پالنے اور کچھ پیسہ بچانے کے لئے آئے تھے نہ کہ اپنی زندگی داؤ پر لگانے ۔ یہاں جو کچھ ہوااسے دیکھ کر انہوں نے طے کیا کہ محفوظ مقامات کی طرف رخ کیا جائے ۔ اس کے لئے چاہے انہیں زیادہ کرایہ دے کر کہیں اور رہنا پڑے لیکن یہاں نہیں رہیں گے ۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے ساتھیوں کو حملہ آوروں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن کسی طرح ان کی جان بچی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے جلدسے جلد گھر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان علاقوں میں رہنے والے کچھ خاندان ایسے بھی سامنے آئے جنہوں نے بتایا کہ وہ دن میں تو اپنے گھر میں رہتے ہیں لیکن رات کو تالا لگا کر شہر کے دوسرے محفوظ علاقے میں اپنے رشتہ داروں کے یہاں رات کاٹنے چلے جاتے ہیں۔ دوسری جانب میرٹھ شہر میں بھلے ہی حالات معمول کی طرف آتے جارہے ہوں لیکن فرقہ وارانہ تشدد کی آگ دیہات کے علاقوں میں پھیلنے کا خطرہ پولیس اور انتظامیہ کو پریشان کئے ہوئے ہے ۔ اسی کے پیش نظر ایس پی دیہات کیپٹن ایم ایم بیگ مسلسل موانہ ، سردھنہ اور بہسو مہؤ، پریکشت گڑھ، کٹھور، پھلاؤدہ اور دیگر عیہات تھانوں سے رابطے میں ہیں ۔ ایس پی دیہات نے گاؤں میں گشت کرنے کی ہدایت کے ساتھ ہی مسلسل ہر سر گرمی پر نگاہ رکھنے کے لئے کہا ہے ۔ دیر رات ایس پی دیہات نے موانہ اور کٹھور علاقے کا دورہ بھی کیا۔ پولیس کوڈر ہے کہ مظفر نگر فسادات کے دوران موانہ، بہسومہ، سردھنہ اور ہستنا پور کے گاؤں میں فسادات بھڑک اٹھے تھے ۔ اسی لئے پولیس مکمل احتیاط سے کام لے رہی ہے اور ان علاقوں میں مسلسل گشت کی جارہی ہے ۔ اس معاملے میں ایس ایس پی اونکار سنگھ نے آج بتایا کہ پورے معاملے پر پولیس سنجیدہ ہے اور گاؤں میں پولیس خاص انتظام کرنے میں لگی ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ شہر میں کشیدگی کی وجہ سے گاؤں سے لوگوں نے شہر میں آنا بھی کافی کم کردیا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں