انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں مفت پرسالنٹی ڈیولپمنٹ ورکشاپ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-18

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں مفت پرسالنٹی ڈیولپمنٹ ورکشاپ

نئی دہلی
ایس این بی
ہندوستان مسلم نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے اور وہ ان کی صلاحیت کے تعلق سے پر امید ہیں۔ زبان و بیان اور شخصیت سازی کا جو فن آج یہاں دیکھنے کو ملا وہ اس سے قبل اور کہیں نہیں دیکھا ۔ ان خیالات کااظہار آج انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر اور نوبل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے40روزہ مفت پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی نے کیا۔ ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی نے اس موقع پر ہند سعودی عرب کے تاریخی رشتوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ آئی آئی سی سی کے صدر سراج الدین قریشی نے کہا کہ آج کا دور خود آگے بڑھ کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا ہے اور اس کے لئے زبان و بیان پر عبور حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شخصیت سازی کے پروگرام سے اب تک یہاں10ہزار سے زائد نوجوانوں کو تربیت دی جاچکی ہے جن میں سے زیادہ تر کو مختلف کمپنیوں میں ملازمت بھی مل چکی ہے ۔انہوں نے تعلیم کے ساتھ تربیت کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ ورکشاپ کے ٹرینر محمد منور زماں نے کہا کہ مسلسل مشق ہی مہارت کی بنیاد ہے اور جو لوگ محض یہ سوچ کر بیٹھ جاتے ہیں کہ وہ تو بہت کچھ پڑھ چکے ہیں وہ اکثر ناکام ہوجاتے ہیں ۔ اس پروگرام میں400سے زائد نوجوانوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس ورکشاپ میں شرکت کے لئے ایک ہزار سے زیادہ درخواستین موصول ہوئی تھیں جن میں سے400امیدواروں کو منتخب کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں تین کم سن بچوں حسان ساجد، رامز عبدالودود اور رافعہ ساجد نے پروگرام کے تعلق سے شستہ انگریزی میں تقریرکرکے سامعین کو حیرت میں ڈال دیا ۔ پروگرام کا آغاز قاری خالد مصطفیٰ نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ افتتاحی تقریب میں کئی ممتاز شخصیات نے شرکت کی جن میں وصی احمد نعمانی، مشتاق احمد ایڈوکیٹ ، ایس ایم خان، احمد رضا، شرافت اللہ۔ شمیم احمد ، ایم اے حق، شفیق الحسن ، خلیق احمد اور شوکت مفتی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

Free personality development workshop at India Islamic Cultural Centre

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں