منور رانا اردو اکادمی کے صدر کے عہدہ سے مستعفیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-27

منور رانا اردو اکادمی کے صدر کے عہدہ سے مستعفیٰ

لکھنو
ایس این بی
معروف شاعر منور رانا نے اتر پردیش میں قائم ہوئی سب سے پہلی اردو اکادمی کے عہدہ صدارت سے چیرمین اور سکریٹری سے نا اتفاقی کے سبب استعفیٰ دے دیا ۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو تحریری طور پر روانہ کردیا۔ واضح رہے کہ منور رانا چار مال قبل جنوری میں ہی اکادمی کے صدر بنائے گئے تھے۔ رانا نے اردو اکادمی کا عہدہ صدارت سنبھالتے ہی اردو کی ترقی و بقاء کے ساتھ ساتھ اردو قلم کاروں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی متعدد اسکیموں کا اعلان کیا تھا ۔ لیکن جب ان پر عمل در آمد میں اکادمی کے متعلقین اور ضابطے حائل ہونے لگے تو انہوں نے اس اعزازی منصب سے خود کو علیحدہ کرلینے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ رانا نے اردو اکادمی کے حالات بہتر بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو مکتوب بھی دیا تھا ۔ جس پر عمل در آمد سے نہ صرف اردو طبقہ کو راحت ملتی بلکہ خود حکومت کی بھی پذیرائی ہوتی ۔ وقت کی تنگی کے سبب نہ حکومت اس پر کچھ مثبت عمل درآمد کرسکی نہ اردوا اکادمی پہلے سے منظور شدہ کاموں میں پیش رفت لا سکی ۔ انہیں وجوہات پر رانا نے وزیر اعلیٰ کے نمائندہ والے منصب سے استعفیٰ دے دیا ۔ واضح رہے کہ اتر پردیش اردو اکادمی کے ضابطوں کے مطابق اکادمی کے صدر وزیر اعلیٰ ہوتے ہیں ۔ وہ اپنی مصروفیت کے سبب اپنے کسی خاص اردو مجاہد کو صدر نامزد کردیتے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں