آج نریندر مودی ۔ نواز شریف ملاقات - تجارت سے متعلق امورپر بات چیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-27

آج نریندر مودی ۔ نواز شریف ملاقات - تجارت سے متعلق امورپر بات چیت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم پاکستان نواز شریف 27مئی کو یہاں باہمی ملاقات کریں گے۔ تجارت سے متعلق مسائل جیسے ہندوستانی اشیا کو پاکستانی مارکٹ میں بلا امتیاز رسائی دینے کے مماثل مسائل پر تبادلہ خیال متوقع ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ’’دونوں وزرائے اعظم یقینی طور پر تجارت سے متعلق مسائل پر بات چیت کریں گے ۔ یہ ایک اہم مسئلہ ہے لیکن عملی قدم اٹھانے کا فیصلہ پاکستان کو کرنا ہے ۔ ہندوستان نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے روڈ میاپ سے پہلے ہی اتفاق کرلیا ہے ‘‘۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ نواز شریف ، مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے یہاں آئے ہوئے ہیں ۔ ان کے وفد میں مشیر امور قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز ، اسپیشل اسسٹنٹ طارق فاطمی اور معتمد خارجہ اعزاز چودھری شامل ہیں ۔ نواز شریف پاکستان کو واپس ہونے سے قبل مودی سے علیحدہ ملاقات کریں گے ۔ یہاں یہ بات بتادی جائے کہ پاکستان نے ہندوستان کو مارکٹ تک بلا امتیاز رسائی(این ڈی ایم اے) کا موقف عطا کرنے کی کارروائی کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اندرون ملک دباؤ کے تحت پاکستان نے ایسا کیا ہے۔ خط قبضہ پر تشدد بڑھ جانے کے بعد گزشقہ سال سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی بات چیت معطل ہے ۔2012میں پاکستان نے ہندوستان کو انتہائی پسندیدہ ملک (ایم ایف این) کا موقف دینے کا عہد کیا تھا لیکن اس نے خود ہی اپنی مقرر کردہ مہلت31دسمبر تک اس پر عمل نہیں کیا ۔ اور یہ مہلت گزر گئی ۔ اندرون پاکستان مخالفت کے سبب یہ صورتحال پیش آئی۔ پڑوسی ملک کو1209قابل تجارت اشیا کی منفی فہرست کو برخاست کرنا ہے ۔ اس فہرست کی برخاستگی کے معنی ہندوستان کو این ڈی ایم اے موقف دینے کے ہوں گے ۔ مذکورہ فہرست میں ان اشیاء کے نام شامل ہیں جو ہندوستان سے درآمد نہیں کی جاسکتیں ۔ این ڈی ایم اے وہ طریقہ کار ہے جس کا انتخاب حکومت پاکستان نے کیا ہے تاکہ ہندوستان کو ایم ایف این موقف دینے کے سبب اندرون ملک پڑنے والے سیاسی مضمرات سے بچا جاسکے ۔، قبل ازیں دونوں ممالک نے برقی اور تیل کے شعبوں میں تجارت شروع کرنے اور مزید تجارتی راستے کھولنے سے اتفاق کرلیا تھا ۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت2012-13 میں2.6بلین ڈالر رہی ۔ پاکستان کو ہندوستان کی اہم برآمدات میں شکر ،دستی تیار کردہ سوت/دھاگہ اور کیمیائی اشیا شامل ہیں جب کہ ہندوستان ، معدنی فیولس اور دیگر اشیاء پاکستان سے درآمد کرتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں