نریندر مودی نے ملک کے 15 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-27

نریندر مودی نے ملک کے 15 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیا

نئی دہلی
آئی اے ایس این؍پی ٹی آئی
نریندر مودی نے آج ہندوستان کے 15ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے اور45رکنی مخلوط حکومت کے قائد کی حیثیت سے حلف لے لیا ۔ عام انتخابات کے بعد یہ پہلی حکومت ہے جو30برس کے عرصہ میں قطعی اکثریت کی حامل ہے ۔ کابینی وزراء کی حیثیت سے جن قائدین نے حلف لیا ان میں راج ناتھ سنگھ سشما سوراج ، ارون جیٹلی ، ایم وینکیا نائیڈو، نتن گڈ کری ، اوما بھارتی، منیکا گاندھی، اننت کمار ، روی شنکر پرساد، سمرتی ایرانی اور ہرش وردھن شامل ہیں ،۔ حلیف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قائدین رام ولاس پاسوان ( ایل جے پی) ہر سمراٹ کور بادل(کالی دل)، اننت گیتے(شیو سینا) اور اشوک گجپتی راجو(تلگو دیشم) نے بھی حلف لیا ۔ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ، سابق وزیر پی چدمبرم ، شرد پوار ، پرفل پٹیل اور ایم ایم پلم راجو کے علاوہ سینئر بی جے پی قائدین کے اڈوانی مرلی منوہر جوشی ، سبکدوش اسپیکر میرا کمار نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ انتخابت کے دوران جو اختلافات دیکھے گئے تھے وہ پروٹوکول کے سامنے گویا نابود ہوگئے ۔ مخالفین بشمول بلائم سنگھ یادو، ان کے فرزند چیف منسٹر یوپی اکھلیش یادو ، چیف منسٹر جمو ں و کشمیر عمرعبداللہ ،چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی، چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی اور چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا بھی اس موقع پر موجود رہے ۔ ملک کے ممتاز تاجرین و صنعت کار جیسے مکیش امبانی ان کے ارکان خاندان ، ان کے بھائی انیل امبانی کے علاوہ کمار منگم برلا، ششی رویا ، گوتم اڈانی اور وی این دھوت و نیز فلمی گیت کا ر جاوید اختر بھی موجود تھے ۔ تقریب میں شریک مذہبی قائدین میں پیجاور مٹھ کے چیف شویندر تیرتھ سوامی شامل تھے ۔ اپنے وقت کے عظیم کرکٹر سنیل گاؤسکر بھی مہمانوں میں دیکھے گئے ۔ یہ عظیم الشان تقریب حلف برداری راشٹر پتی بھون کے وسیع و عریض سبزہ زار پر منعقد ہوئی جس میں ممتاز سیاسی قائدین مشہور تاجروں ،ممتاز شخصیتوں اور مختلف مذہبی قائدین و نیز پڑوسی ممالک کے قائدین نے بھی شرکت کی ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے مودی کو عہدہ اور رازداری کا ہندی میں حلف دلایا ۔ نئے وزیر اعظم کی حلف برداری کے اس یاد گار موقع پر ایک ہلکی سی چبھن بھی محسوس کی گئی کیونکہ آج سے ٹھیک50سال پہلے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو پر لوک سدھارتے تھے ۔ آج تقریب حلف برداری کے موقع پر موجود ممتاز شخصیتوں میں سبکدوش وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ بھی موجود تھے جو10سال تک عنان اقتدار سنبھالے ہوئے تھے۔(ملک کے حالیہ عام انتخابات میں لوک سبھا میں کانگریس ارکان کی تعداد گھٹ کر44ہوگئی جو اس پارٹی کی اب تک کی سب سے کم تعداد ہے۔) آج45رکنی مجلس وزراء نے بھی حلف لیا ۔ تقریب میں شریک بیرونی قائدین میں وزیر اعظم پاکستان نوا ز شریف ، صدر افغانستان حامد کرزئی ، صدر سری لنکا مہندراجہ پکسے شامل ہیں۔ وزیر اعظممارشیس نوین چندر رام غلام، وزیر اعظم نیپال سشیل کوئرالہ ،،وزیر اعظم بھوٹان ٹی ناگبے اور اسپیکر بنگلہ دیش پاریلمنٹ شیرین رحمن چودھری نے بھی اس تقریب میں شرکت کی ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی ان کے فرزند راہول گاندھی نائب صدر کانگریس و نیز سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور پرتبیھا پاٹل کے علاوہ زائد از چار ہزار مہمانوں نے اس تقریب میں شرکت کی ۔ پی ٹی آئی کے بموجب موسم کی زبردست گرمی کے سبب بیسیوں پینڈ سنل فینانس جن مہمانوں کی صفوں کے قریب لگائے گئے تھے ، عملاً غیر مددگار ثابت ہوئے اور انتہائی اہم مہمانوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا ۔ درجہ حرارت36.4ڈگری سلسیس تھا۔ راشٹر پتی بھون کے پس منظر میں غروب آفتاب کا منظر تو بڑا دلکش تھا لیکن انتہائی اہم شخصیتوں کے خادمین کو اپ نے آقاؤں کی دھوپ کی راست زد سے بچانے چھتریاں تھامے دیکھا گیا ۔ تقریب حلف برداری کے سلسلہ میں راشٹر پتی بھون میں خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ پیڈسنل پنکھوں خے علاوہ خس کی خوشبو کے حامل کولرس اور فوارے بھی لگائے گئے تھے تاکہ مہمانوں کو موسمی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ راشٹر پتی بھون کے عملہ نے مہمانوں کے لئے ٹھنڈے اور پیکج کردہ پانی کی سربراہی کا معقول انتظام کیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے حالات کی پیش قیاسی کی تھی اور راشٹر پتی بھون کے عہدیداروں نے’’متبادل پلان بی‘‘ تیار رکھا تھا ۔ اس مقصد کے لئے دربار ہال کو سجایا گیا تھا لیکن موسم صاف ہونے کے سبب تقریب حلف برداری کسی رکاوٹ کے بغیر منعقد ہوئی۔

Narendra Modi sworn in as 15th Indian prime minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں