اتر پردیش میں گورکھ دھام ایکسپریس ٹرین حادثہ - 9 مسافر ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-27

اتر پردیش میں گورکھ دھام ایکسپریس ٹرین حادثہ - 9 مسافر ہلاک

سنت کبیر نگر؍گورکھ پور
یو این آئی ؍پی ٹی آئی249آئی اے این ایس
گورکھ دھام سوپر فارسٹ ایکسپریس نے اتر پردیش کے ایک دور دراز علاقہ میں اس کے گزرنے کی لائن پر ٹھہری ہوئی ایک مال گاڑی کو پیچھے سے ٹکر دے دی ۔جس کے نتیجہ میں کم از کم9مسافر ہلاک اور زائد از100دیگر زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ آج صبح10:20منٹ پر پیش آیا ۔ اے ڈی جی (لاء اینڈ آرڈر) مکل گوئل نے گورنمنٹ ریلوے لائن پولیس کے ایک بیان کی تردید کرتے ہوئے جس میں40مسافروں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی تھی ، صرف9اموات کی توثیق کی ہے۔ گوئل نے آج شام یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ وضاحت کی۔ قبل ازیں موصولہ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ ضلع سنت کبیر نگر میں بستی اور گورکھپور کے درمیان چریب ریلوے اسٹیشن کے قریب ناقص سگنل سسٹم کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ یہ سوپر فاسٹ ٹرین جو حسار علاقہ سے براہ دہلی گورکھپور جارہی تھی ، حادثہ کے وقت انتہائی تیز رفتار ی سے سفر کررہی تھی ۔ اچانک یہ پڑیوں سے اتر گئی اور اسی لائن پر ٹھہری ہوئی دوسری مال گاڑی سے ٹکرا گئی ۔ حادثہ کے بعد انجن کے ساتھ چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ۔ سوپر فاسٹ ٹرین کی ایک جنرل بوگی مال گاڑی کی ایک بوگی پر چڑھ گئی ۔ تین جنرل بوگیاں اور اے سی فرسٹ کلاس کی ایک بوگی ایس ایل آر کے ساتھ پٹری سے اتر گئی ۔ جنرل زمرے کی تینوں بوگیاں شدید متاثر ہوئیں اور تقریابً تمام ہلاکتیں انہیں ڈبوں میں ہوئیں ۔ راحت اور بچاؤ کا کام متاثر رہا کیونکہ حادثہ کا مقام گورکھپور سے 42کلو میٹر دور مضافاتی علاقہ میں واقع ہے ۔ مقامی دیہی عوام نے کئی مسافرین کو بچایا ۔ مسافرین نے الزام عائد کیا کہ بچاؤ کاکام بے حد تاخیر سے شرو ع ہوا۔ حادثہ کے90منٹ بعد حکام جائے واقعہ پر پہنچے۔ نارتھ ایسٹرن ریلوے کے سینئر عہدیدار راحت اور بچاؤ وین کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔، گورکھپور اور گونڈہ کی دو میڈیکل ٹیمیں جب نارتھ ایسٹرن ریلویز کے جنرل منیجر بھی جائے واقعہ پہنچ گئے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق اس حادثہ کی وجہ سے متعدد ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوگئی ۔ گورکھپور ریلوے اسٹیشن پر زبردست ہجوم جمع ہوگیا جہاں عوام اپنے ارکان خاندان اور رشتہ داروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے پہنچے تھے جو اس ٹرین میں سفر کررہے تھے ۔ حادثہ کے بعد تین گھنٹہ تک کوئی معلومات دستیاب نہیں تھیں جس کی وجہ سے عوام میں دہشت پیدا ہوگئی تھی ۔ ٹرین کے پٹری سے اتر جانے کے سبب اس روٹ پر دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوگئی ۔ دریں اثناء لکھنو سے گورکھپور جانے والی ٹرینوں کو بستی سے پہلے روک دیا گیا جب کہ بہار سے دہلی جانے والی ٹرینوں کو چاوری، چورا اور دیوریہ پر روک دیا گیا جن افراد کو دیگر ٹرینوں میں سوار ہونا تھا وہ اسٹیشنوں پر پھنس گئے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب ریلویز نے اتر پردیش کے گورھ دام میں ٹرین حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ، اور مہلوکین کے رشتہ داروں اور زخیوں کے لئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے بورڈ کے صدر نشین ارویندر کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔ قطعی وجہ کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ ریلوے سیفٹی کے کمشنر(نارتھ ایسٹ سرکل) پی کے واجپائی تحقیقات کریں گے اور جائے حادثہ کا دور کریں گے ۔ ریلویز نے مہلومین کے رشتہ داروں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے ، شدید زخمیوں کے لئے پچاس ہزار روپے اور معمولی زخمیوں کے لئے دس ہزار روپے فی کس معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ نئی دہلی سے آئی این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، نامزد وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے علاوہ کانگریس کے نائب صد ر راہول گاندھی اور نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے آج اتر پردیش میں ٹرین حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کیا اور مہلوکین کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ صدر جمہوریہ نے گورنر بی ایل جوشی کو اپنے ایک مکتوب میں کہا کہ اس ٹرین حادثہ کی اطلاع پر جس میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، مجھے بے حد رنج ہوا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ ریاستی حکومت اور دیگر ایجنسیاں زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے اور غمزدہ خاندانوں کو مالی امداد کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہوں گی ۔ مودی نے بھی مہلوین کے رشتہ داروں سے اظہار تعزیت کیا ۔ انہوں نے ایک سینئر عہدیدار سے بات چیت کرتے ہوئے زخمیوں کی فوری امداد کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ مودی نے ٹوئٹر پر کہا کہ میں ان تمام خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں جن کے رشتہ دار آج گورکھ دھام اکسپریس المیہ میں ہلاک ہوگئے ۔ میں زخمیوں کے لئے دعا گو ہوں ۔ سونیا گاندھی نے اس واقعہ پر صدمہ اور رنج کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المیہ میں مسافرین کی موت پر وہ مضطرب ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے مہلوکین کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔ انہوں نے زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کی تمنا بھی ظاہر کی ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بھی گورکھ دھام اکسپریس کے بدبختانہ حادثہ پر گہرے اضطراب کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مہلوکین کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

UP train accident Gorakhdham Express

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں