تلنگانہ کے کئی مقامات پر درجہ حرارت45ڈگری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-26

تلنگانہ کے کئی مقامات پر درجہ حرارت45ڈگری

حیدرآباد
یو این آئی؍اعتماد نیوز
ضلع ھمم میں لو لگنے کے باعث دو افراد فوت ہوگئے ۔ آندھرا پردیش کے کئی حصوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے ۔ ریاست کے تینوں علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زائد ہے۔ گرمی سے بچنے کے لئے لوگ گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں درجہ حرارت 42ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر امکان ہے کہ مزید چند دن جاری رہے گی ۔ ساحلی آندھرا ، رائلسیما اور تلنگانہ کے علاقوں میں گرج و چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔ اعتماد نیوز کے بموجب اتوار کے دن تلنگانہ کے کئی مقامات پر درجہ حرارت45ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیاگیا جب کہ حیدرآباد میں بھی گزشتہ تین دن سے درجہ حرات42ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ محکمہ موسیمات کے عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ سال شہر حیدرآباد میں43.90سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیاتھا ۔ انٹرنیٹ پر گوگل انڈیا کی جانب سے شہر کا درجہ حرارت آج44ڈگری بتایا گیا اس سلسلہ میں دریافت کرنے پر محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ درست نہیں ہے، حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت42اور کم از کم28.3ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ تک شہر حیدرآباد میں اسی طرح سے گرمی کی شدید لہر جاری رہے گی ۔ حیدرآباد کے علاوہ ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں بھی شدید گرمی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے حیدرآباد ، عادل آباد ، نلگنڈہ ، کریم نگر، ھمم، چتور ، کرشنا، گنٹور،اور دوسرے اضلاع میں وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی سے بچے اور دوپہر کے اوقات میں اپنے گھروں سے نکلنے سے گریز کریں ۔ ڈاکٹرس نے بھی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ گرمی کی تمازت سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں ۔ پانی کا زیادہ استعمال کریں ۔ دوپہر12بجے تک سہ پہر چار بجے سے گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔ غیر موسمی بارش کے باعث تلنگانہ اور ساحلی آندھرا کے بعض اضلاع میں بڑے پیمانے پر کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ ضلع ھمم میں بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جب کہ ہمم کے کوئلہ کی کان کے علاقوں میں درجہ حرارت زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ بارش کے باعث وشاکھا پٹنم کے کئی علاقوں میں درخت اور برقی کے کھمبے اکھڑ گئے اور آم، ہلدی اور دیگر فصلوں کو شدید طور پر نقصان ہوا۔ بارش کے ساتھ تیز طوفانی ہواؤں کے چلنے کے باعث بڑی ہورڈنگس بھی گر گئیں اور قومی شاہراؤں پر پانی جمع ہوگیا ۔ جس کے نتیجہ میں گاڑیوں کی آمد و رفت میں کئی گھنٹوں تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ وشاکھا پٹنم کے انکا پلی میں بارش کے نتیجہ میں قومی شاہراہ پر درخت آٹو پر گر گیا جس کے نتیجے میں آٹو میں سوار دو افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ راجمندری میں بھی کئی درخت اکھڑ گئے ۔ پرکاشم میں بھی درختوں کی گرنے کی اطلاعات ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں