صدر کانگریس پر چھوت چھات اور نفرت کی سیاست کا مودی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-10

صدر کانگریس پر چھوت چھات اور نفرت کی سیاست کا مودی کا الزام

موتیہاری
پی ٹی آئی
نریندر مودی نے ذات پات کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے آج کانگریس پر چھوت چھات اور نفرت کی سیاست شروع کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی جاریہ انتخابات میں اپنی ہار کے مد نظراونچ نیچ کی سیاست اپنارہی ہیں۔بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نے یہاں پارٹی امیدوار رادھا موہن سنگھ کی تائیدمیں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چھوت چھات کی سیاست کس نے شروع کی ۔ یہ وہی لوگ ہیں جو ووٹ بین کی سیاست کرتے ہیں۔ اب انہوں نے چھوت چھات کی سیاست شروع کردی ہے ۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران ہم نے کبھی ترقی پر مبنی سیاست کا موضوع ترک نہیں کیا ۔ انہوں نے صدر کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ اونچ نیچ کی سیاست کررہی ہیں ۔ مودی نے کہا’’میڈم آپ ایک پارٹی کی صدر ہیں ۔ آپ اونچ نیچ جیسی اصطلاحات کا استعمال کررہی ہیں جوآپ کو زیب نہیں دیتا‘‘۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنی کھوئی ہوئی سیاسی بنیادوں کو بحال کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ مودی نے دعویٰ کیا ’’انتخابات میں یقینی شکست‘میڈم سونیا جی کو پریشان کررہی ہے ۔ وہ اس بات پر برہم ہیں کہ کانگریس کا ذات پات کا کھیل اور فرقہ وارانہ سیاست کا اب خاتمہ ہونے والا ہے‘‘۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ کیرالا کے ایک وزیر سے ریاستی حکومت نے یہ وضاحت طلب کی کہ انہوں نے مجھ سے ملاقات کیوں کی تھی ۔ ایک کانگریس لیڈر نے یہ مطالبہ تک کیا تھا کہ ملکہ ترنم لتا منگیشکر کو دیا گیا بھارت رتن واپس لے لیا جائے کیونکہ انہوں نے مودی کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کانگریس سے سوال کیا کہ آخریہ کس قسم کی سیاست ہے اور کہاکہ جب وہ ان کی ستائش کرنے والوں کو نشانہ بناتی ہے اور ان پر نیچ راج نیتی کرنے کی بہتان تراشی کرتی ہے تو اس سے پارٹی کی کوئی اچھی شبیہ نہیں بنتی ۔ مودی نے یہ بات پرینکا، راہول اورسونیا گاندھی کی جانب سے انہیں دئیے گئے طعنہ کے حوالے سے کہی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں