کابینہ کی تشکیل کے لئے بی جے پی میں مشاورت کا عمل تیز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-24

کابینہ کی تشکیل کے لئے بی جے پی میں مشاورت کا عمل تیز

مرکزی کابینہ کی تشکیل کے لئے بی جے پی قائدین کی باہمی مشاورت کا عمل تیزہوگیا ہے جب کہ نامزد وزیر اعظم نریندر مودی کے بشمول سرکردہ بی جے پی قائدین نے آج کئی باہمی ملاقاتیں کیں اور اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے جو26مئی کو وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے ، آج پارٹی صدر راج ناتھ سنگھ ، امیت شاہ، نتن گڈکری اورارون جیٹلی سمیت کئی قائدین سے گجرات بھون میں ملاقات کی۔ملاقاتوں میں شامل ہونے والے قائدین مودی کی مجلس وزراء کی تشکیل میں اہل رول کے حامل سمجھے جاتے ہیں ۔ قبل ازیں دن میں اکالی دل کے صدر اور چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل اور ان کے فرزند و ڈپٹی چیف منسٹرسکھبیر بادل نے راج ناتھ سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بی جے پی کے قدیم ترین حلیف اکالی دل کو مرکزی کابینہ میں ایک نشست مل سکتی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آر ایس ایس لیڈر رام مادھو نے بھی آج راج ناتھ سنگھ سے ان کے گھر پر ملاقات کی جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ مجلس وزراء کی تشکیل میں سنگھ کا اہم رول برقرار ہے ۔ اسی دوران ذرائع کے مطابق پیر کو نریندر مودی کی حلف برداری تقریب کے لئے نئی دہلی میں زمین سے فضا تک غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ چونکہ تقریب میں بعض پڑوسی ممالک کے قائدین بھی شرکت کریں گے ۔ چنانچہ سیکوریٹی بندوبست کو یوم جمہوریہ پریڈ سے بھی زیادہ بنادیا گیا ۔ تقریباً تین ہزار مہمانوں کی تقریب میں شرکت متوقع ہے ۔ دہلی پولیس نے کہا کہ رائے سینا ہلز اور اس کے اطراف کے تمام دفاتر تقریب سے پانچ گھنٹے قبل بند کردئیے جائیں گے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ دوپہر ایک بجے راشٹر پتی بھون کے اطراف کے دفاتر خالی کردئے جائیں گے اور سیکوریٹی ایجنسیاں وہاں کا معائنہ کریں گی۔ تقریب حلف برداری چھ بجے شام منعقد ہوگی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی فضائیہ کو بھی سیکوریٹی خدمات پر متعین کیا جائے گا تاکہ فضا سے کسی امکانی خلل کا تدارک کیا جاسکے ۔ انتہائی سیکوریٹی والے علاقہ میں تمام بلند ترین عمارتوں پر شارپ شوٹرس تعینات کیے جائیں گے ۔ پولیس نے کہا کہ سیکوریٹی اقدمات کے بطور راشٹر پتی بھون جانے والی تمام سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی جائیں گی ۔ طیارہ شکن توپیں اور این ایس جی کے شارپ شوٹرس کے علاوہ نیم فوجی فورسس اور دہلی پولیس کے کمانڈوز کو علاقہ میں تعینات کیا جائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں