افغانستان میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-24

افغانستان میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ ناکام

افغانستان کے صوبہ ہیرات میں ہندوستانی قونصل خانہ پر آج صبح چار انتہائی مسلح بندوق برداروں نے حملہ کردیا لیکن تقریباً نو گھنٹے طویل لڑائی کے بعد سیکوریٹی فورسس نے بالآخر ان تمام کو ہلاک کردیا۔ صبح سورج نکلنے سے قبل کئے گئے حملہ میں بندوق برداروں نے جو مشین گنوں اور راکٹ فائر کرنے والے اسلحہ سے لیس تھے قونصل خانہ پر فائرنگ شروع کردی ۔ افغانستان کے مغربی شہر میں واقع اس قونصل خانہ میں دو عمارتیں ہیں ۔ ہندوستانی سفیر برائے افغانستان امر سنہا نے بتایا کہ ایک حملہ آورکو اس وقت ہلاک کردیا گیا جب وہ قونصل خانہ کے احاطہ میں داخل ہونے دیوار پر چڑھ رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اسی عمارت میں قونصل جنزل کی رہائش گاہ بھی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دفتر میں مقامی افغان ملازمین کے علاوہ 9ہندوستانی عملہ کے ارکان حملہ کے وقت عمارت میں موجود تھے ۔ نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ تمام چار حملہ آور ہلاک کردئیے گئے ایک بندوق بردار کو سفارت خانہ کی حفاظت پر تعینات ہند ۔تبتی سرحدی پولیس کے جوانوں نے گولی مار دی جب کہ دیگر تین طویل تریب جھڑپ کے بعد افغان فوج کی جانب سے ہلاک کردئیے گئے ۔ ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ قونصل خانہ کے تمام ملازمین محفوظ ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں ۔ اسی دوران ایک عہدیدار نے کہا کہ معتمد خارجہ سجاتا سنگھ کی صورتحال پر راست نظر ہے ۔ ہند۔ افغان عہدیداروں نے بھی حملہ کے سلسلہ میں بات چیت کی ہے ۔ افغان پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ بندوق برداروں نے ایک قریبی مکان سے قونصل خانہ پر فائرنگ شروع کردی یہ سلسلہ تقریباً9گھنٹے جاری رہا۔ حملہ کے لئے کسی بھی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق آج کا حملہ تین بجے رات کے اندھیرے میں شروع کیا گیا ۔ قونصل خانہ سے قریبی عمارت میں روپوش بندوق برداروں نے اچانک ہی یہ حملہ کردیا۔ ہند ۔ تبتی سرحدی پولیس کے سربراہ سبھاش گو سوامی نے نئی دہلی میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی بی پی کے جوانوں نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا جب کہ دیگر تین افغان فوج سے لڑائی میں مارے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کو کامیابی کے ساتھ پسپا کردیا گیا۔ حملہ کے بعد کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ اور ہیرات کے علاوہ جلال آباد ، مزار شریف اور قندھار میں تمام قونصل خانوں پر سیکوریٹی بڑھا دی گئی ۔ا س کے علاوہ افغانستان میں ہندوستان کے دیگرمفادات پر بھی سیکوریٹی چوکسی میں اضافہ کردیا گیا ۔ گو سوامی نے کہا’’ہم چوکس ہیں ‘ ہماری معاون ایجنسیاں افغانستان میں ہمارے خلاف سبوتاج کی سرگرمیوں کے بارے میں مستقل طور پا انٹلی جینس اطلاعات فراہم کرتی رہتی ہیں ۔ ہم نے اپنے تمام یونٹوں کو مزید چوکنا اور چوکس رہنے کے لئے کہا ہے۔‘‘ یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں افغان شہر جلال آباد میں ہندوستانی قونصل خانہ پر بمباری کے ذریعہ ایک ناکام حملہ کیا گیا تھا جس میں کوئی عہدیدار زخمی نہیں ہو ا لیکن چھ بچوں سمیت9افراد ہلاک ہوگئے تھے۔2008ء میں کابل میں ہندوستانی سفارتخانہ پر خطرناک خود کش حملہ کیا گیا تھا جس میں40سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔2009ء میں سفارت خانہ پر دوبارہ حملہ کیا گیا۔

Indian consulate in Herat, Afghanistan attacked

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں