لوک سبھا انتخابات کا اختتام - نتائج کا انتظار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-13

لوک سبھا انتخابات کا اختتام - نتائج کا انتظار

لوک سبھا انتخابات کے9مراحل اور پانچ ہدفتوں پر محیط راہے دہی کے عمل کا آج اختتام ہوااور اب تمام نظریں جمعہ کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج پر مرکوز ہوگئی ہیں۔نویں مرحلہ میں تین ریاستوں کے41حلقوں میں گزشتہ مرتبہ کی بہ نسبت کافی زیادہ شرح رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ مغربی بنگال میں جہاں17نشستوں پر رائے دہی ہوئی80فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ عام انتخابات کے فیصد82.07سے کچھ کم ہے ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ یہ اعدادو شمار عبوری ہیں کیوں کہ اب بھی قطعی رپورٹس ہیڈ کوارٹرکو موصول ہورہی ہیں۔ اتر پردیش کی18نشستوں پر جہاں آج پولنگ ہوئی55.29فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی جو2009ء کے انتخابات میں ریکارڈ کردہ فیصد46.55سے تقریباً10فیصد زیادہ ہے۔ بہار کی چھ نشستوں پر تناسب58ریکارڈ کیا گیا جب کہ2009ء میں یہ44.3تھا۔ اعظم گڑھ میں جہاں سماج وادی پارٹی کے ملائم سنگھ یادو کا مقابلہ بی جے پی کے رماکانت یادو سے ہورہا ہے، رائے دہی کا فیصد57رہا ، جہاں2009ء میں44.18فیصد پولنگ ریکارڈکی گئی تھی ۔ وارانسی میں آج ریکارڈ تعداد میں رائے دہندوں نے ووٹنگ میں حصہ لیا جہاں سب سے زیادہ سخت انتخابی مقابلہ ہوا جہاں بی جے پی لیڈر نریندرمودی اور عام آدمی پارٹی کے اروندکجریوال اور کانگریس کے اجئے رائے آمنے سامنے تھے ۔ مذہبی اہمیت کے حامل اس شہرمیں56فیصد پولنگ ہوگئی جہاں عوام نے کئی گھنٹے شدید گرمی میں قطار میں ٹھہر کر ووٹنگ میں حصہ لیا ۔2009ء کے انتخابات میں تقریباً46فیصد پولنگ ہوئی تھی ۔ مغربی بنگال میں تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سنیل گپتا نے بتایا کہ ریاست میں پچھلے مراحل کی طرح اس مرتبہ بھی عوام کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے نکلی۔ شمالی24پرگنہ ضلع میں زبردست تشدد کا واقعہ پیش آیا جہاں2خواتین کے بشمول 21افراد زخمی ہوگئے۔ خصوصی انخابھی مبصر سدھیر کمار راکیش صورتحال کا جائزہ لینے پہونچ گئے ۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کے علاوہ مقامی افراد سے بھی بات کی ۔ تشدد کے سلسلہ میں12افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ 24پرگنہ کے ہر واعلاقہ میں تشدد کا واقعہ پیش آیا جب اشرار نے آتشیں اسلحہ ، درانتیوں،لاٹھیوں اور بموں سے تقریبا150لوگوں کے ایک گروپ پر حملہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ سی پی آئی ایم کے حامی تھے جو ووٹ ڈالنے مرکز رائے دہی جارہے تھے ۔ سی پی آئی ایم نے الزام لگایا کہ حملہ ترنمول کانگریس کے کارکن ہیں تاہم حکمراں جماعت نے اسے مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن نے ضلع مجسٹریٹ سے واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ بائیں محاذ نے الزام لگایا کہ حکمراں جماعت نے ریاست کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانہ پر رگنگ اور بوتھوں پر قبضے کئے ۔ اتر پردیش کے18حلقوں میں تقریباً56فیصد رائے دہی رکارڈ کی گئی جہاں معمولی جھڑپوں کے سواء ووٹنگ پر امن رہی۔ ریاستی چیف الکٹورل آفیسر اومیش سنہا نے بتایا کہ رائے دہی مکمل طور پر سے پر امن رہی ۔ شام5بجے 18حلقوں میں51.24فیصد رائے دہی ہوئی تھی لیکن اگلے ایک گھنٹہ میں اس کا تناسب 56فیصد تک پہونچ گیا ۔

conclusion of 2014 Lok Sabha elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں