ٹی آر ایس این ڈی اے کی تائید نہیں کرے گی - کے سی آر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-10

ٹی آر ایس این ڈی اے کی تائید نہیں کرے گی - کے سی آر

حیدرآباد
پی ٹی آئی
ٹی آر ایس سربراہ چندرشیکھر راؤ نے مابعد انتخابات این ڈی اے کی تائید کے امکانات کومسترد کرتے ہوئے آج کہاکہ تائید کے معاملہ میں یو پی اے ان کی پہلی ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرض کیجئے اگر یوپی اے مرکزمیں حکومت تشکیل دینے کے موقف میں ہوتا ہے تومیری پہلی ترجیح یوپی اے ہوگا ۔اگریوپی اے کو حکومت بنانے کا موقع نہیں ملتا ہے تو ہم تیسرے محاذ کے امکانات کی کھوج کریں گے ۔ انہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ صرف صدر نشین یوپی اے سونیا گاندھی کی بدولت ہی تلنگانہ حقیقت میں تبدیل ہوا ہے اور میں زندگی بھر ان کا ممنون و مشکور رہوں گا ۔ نمائندہ منصف کے بموجب صدر ٹی آر ایس کے چند شیکھر راؤنے آج کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس ‘حکومت قائم کرے گی ۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ ان کی پارٹی60تا90اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی جب کہ کانگریس کو انتخابات میں30سے بھی کم نشستیں حاصل ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس مرکز میں تیسرے محاذاور یوپی اے حکومت کی تائید کرے گی ۔ ان کی پارٹی این ڈی اے کی تائید نہیں کرے گی ۔انہوں نے علیحدہ تلنگانہ قائم کرنے پر صدر کانگریس سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس دونوں شہروں کے زیادہ سے زیادہ اسمبلی حلقوں سے کامیابی حاصل کرے گی۔اس طرح ٹی آر ایس اضلاع تلگنڈہ،رنگاریڈی، محبوب نگرکے علاوہ دیگر اضلاع میں شاندار مظاہرہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت کی تائید کے بغیر حکومت قائم کریں گے ۔ کے چندر شیکھر راؤ آج یہاں تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے۔وہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے کوئی شخصی اختلافات نہیں رکھتے ۔ انہوں ے کہاکہ اگر وزیر اعظم کے عہدے پر راہول گاندھی فائز ہوں گے تو وہ ضرور ان کی تائید کریں گے ۔ اس کے علاوہ وہ مرکز میں تیسرے محاذ کی حکومت کے قیام کے لئے سیاسی حکمت عملی بھی اختیار کریں گے اور ضرورت پڑنے پر وہ یوپی اے حکومت کی تائیدبھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیماآندھرا میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی100سے زائد اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ جگن موہن ریڈی چیف منسٹر کے عہدے پر فائزہوں گے ،انہوں نے کہا کہ چندرابابو نائیڈو جو سیما آندھرا کے چیف منسٹر کے عہدے پر فائز ہونے کے خواب دیکھ رہے ہیں ، ان کا یہ خواب ادھورا رہ جائے گا۔ اس طرح ریاست میں تلگو دیشم پارٹی کا سیاسی خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ غیر موسمی بارش کے باعث علاقہ تلنگانہ کے کسانوں کا زبردست نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ اضلاع کا دورہ کرکے تلنگانہ کے کسانوں کو نقصان اورمعاوضہ کی ادائیگی کے احکام جاری کریں۔ انہوں نے گورنر سے علاقہ تلنگانہ اورسیما آندھرا کے ملازمین کے لئے علیحدہ عمارتیں مختص کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

K Chandrasekhar Rao to back UPA or third front, not NDA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں