تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے سے سپریم کورٹ کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-06

تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے سے سپریم کورٹ کا انکار

آج سپریم کورٹ نے آندھرا پردیش کی تقسیم کو روکنے سے انکار کردیا ۔ چیف جسٹس ایس ایل دتو، جسٹس ایم وائی اقبال اور جسٹس ایس اے بابڈے پر مشتمل بنچ ان24درخواستوں کی سماعت کررہی تھیں جس میں آندھرا پردیش کی تقسیم کو چیالنج کیا گیا تھا اور2جون سے نئی ریاست کی تشکیل کو روک دینے کی درخواست کی گئی تھی ۔ سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے علاوہ دوسروں نے یہ درخواستیں داخل کی تھیں ۔ 3رکنی بنچ نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر مداخلت کرنا نہیں چاہتے اور اگر حکم التوا جاری کیا جاتا ہے تو وہ قطعی تصور کیا جائے گا۔ مقدمہ کے حقائق پر کوئی رائے ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے عدالت نے قطعی سماعت20اگست کو مقرر کی ہے۔ درخواست گزارکے وکیل راجو دھون نے عدالت سے کہا کہ صحیح طریقہ کار اپنائے بغیر نئی ریاست تشکیل دی گئی ہے۔ اسمبلی کو مکمل نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ ایک درخواست گزار ارون کمار ایم پی نے عدالت سے کہا کہ17ارکان پارلیمنٹ کو معطل کر کے آندھرا پردیش تشکیل جدید بل کو منظوری دی گئی ۔ اگر تقسیم کی اجازت دی جاتی ہے تو عوامی مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے جب چیف جسٹس ایس ایل دتو نے کہا کہ عبوری احکام کی ضرورت نہیں ہے تو وکیل راجو دھون نے کہا کہ قطعی سماعت تک وقت گزر جائے گا ۔ جسٹس دتو نے کہا کہ اگر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مرکز کا اقدام غیر دستوری ہے تو اس کی از سر نو سماعت کی جائے گی ۔ درخواست گزاروں نے تلنگانہ کی تشکیل کو دستور کے وفاقی ڈھانچہ کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہاکہ صرف23منٹوں میں یہ بل18فروری کو لوک سبھا میں منظور کیا گیا۔20فروری کو ترمیمات کا جائزہ لئے بغیر راجیہ سبھا میں بل کو منظوری دے دی گئی۔

Supreme Court refuses to issue stay on Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں