مغویہ طالبات کا جلد رہا کروایا جائے گا - صدر نائجیریا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-13

مغویہ طالبات کا جلد رہا کروایا جائے گا - صدر نائجیریا

بوکو حرام نے آج ایک نیا ویڈیو جاری کیا اور نائیجیریا کی لاپتہ اسکولی لڑکیوں کو دکھانے کا دعویٰ کیا اور الزام عائد کیا کہ نوجوان لڑکیوں نے اسلام قبول کرلیا ہے اور انہیں اس وقت تک رہا نہیں کیا جائے تاوقتیکہ تمام عسکریت پسند قیدیوں کو رہا نہ کیا جائے ۔ گروپ کے لیڈر ابوبکر شیکھاؤ نے ویڈیو دکھانے سے قبل17منٹ کے لئے اے ایف پی کی جانب سے حاصل کردہ ویڈیو پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان لڑکیوں نے اسلامی لباس زیب تن کیا ہے اور ایک غیر منکشف دیہی مقام میں دعا کررہی ہیں۔ اس گروپ نے بورنو اسٹیٹ میں شمال مشرقی ٹاؤن چیبوک سے14اپریل کو جملہ276لڑکیوں کو اغوا کرلیا تھا جہاں عیسائیوں کی قابل لحاظ آبادی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ223لڑکیاں ہنوز لاپتہ ہیں۔ فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ تقریباً130لڑکیاں سیاہ و گرے رنگ کے پوری طرح لمبے حجاب پہن رکھے ہیں اور درختوں کے قریب زمین پر بیٹھی ہوئی ہیں ۔ اس دوران نائیجیریا صدر گڈلک جوناتھن نے کہا ہے کہ اغوا شدہ200 سے زائد طالبات کو تلاش کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فوج اور انٹلی جنس کی مدد نے انہیں مسلم عسکریت پسندوں کی جانب سے گزشتہ ماہ اغواکردہ200اسکولی طالبات کو آزاد کرانے کے تعلق سے امید پیدا ہوگئی ہے ۔ اس معاملہ میں نائیجیریا کی مدد کرنے والوں میں اب اسرائیل کا نام بھی شامل ہوگیا ۔ نائیجیر کے جوناتھن نے کہا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے دہشت گردی مخالف ماہرین کی ایک ٹیم کو بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ امریکہ اور برطانیہ نے اپنے ماہرین کی ٹیم کو پہلے ہی نائیجیریا کے لئے روانہ کردیا ہے ۔ اغوا شدہ طالبات کو تلاش کرنے میں ہونے والی تاخیر کی وجہ سے نائیجیریائی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گزشتہ14اپریل کو مسلم شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے شمال مشرقی موضع چیبوک میں واقع ایک اسکول میں زیر تعلیم276طالبات کا اغوا کرلیا تھا جن میں سے کچھ طالبات شدت پسندوں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی تھیں اور تقریباً200طالبات اب بھی ان کے قبضہ میں ہیں۔

Nigeria's President Vows to Find Abducted Girls soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں