NDA government may review some decisions of UPA, Venkaiah Naidu
سینئر بی جے پی قائد ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے جسے اگزٹ پولس میں واضح اکثریت دکھائی گئی ہے مرکز میں نئی حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد موجودہ یوپی اے حکومت کے چند فیصلوں پر نظر ثانی کرے گا۔ انہو ں نے کہا کہ ہم ان فیصلوں پر نظرثانی کریں گے جن پر ایسا کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی شیڈول کے اعلان اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد یوپی اے حکومت نے سیاسی محرکات پر مبنی چند فیصلے کیے ، تاہم مرکز میں این ڈی اے کو اقتدار ملتے ہی ان فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔ وینکیانائیڈو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو مرکز میں اقتدار حاصل ہونے کے بارے میں کسی کو بھی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے دن عام انتخابی نتائج آنے کے بعد این ڈی اے مرکز میں اقتدار سنبھال لے گا ۔ وینکیا نائیڈو نے اعتماد کا اظہار کیا کہ آندھر اپردیش میں تلگو دیشم بی جے پی اتحاد حکومت تشکیل دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی شیڈول کی تکمیل کے بعد کانگریس زیر قیادت یوپی اے حکومت کے تمام فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس بات پر بے حد ناخوش ہیں کہ الیکشن کمیشن نے بعض معاملات میں سخت کارروائی نہیں کی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالیہ تکمیل پانے والے عام انتخابات میں رائے دہی کے دوران ووٹرس میں رقومات کی تقسیم کے کئی واقعات دیکھے گئے ، تاہم الیکشن کمیشن اس بدعنوانی کی روک تھام کے لئے اپنے اختیارات کا استعمال کرنے میں ناکام رہا ۔ وینکیانائیڈو نے بتایا کہ ملک میں کرپشن کی صورتحال نے انتہائی خطرناک و خوفناک رخ اختیار کرلیا ہے۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں