ہندوستانی صحافیوں کو ملک بدر نہ کرنے پاکستان سے اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-14

ہندوستانی صحافیوں کو ملک بدر نہ کرنے پاکستان سے اپیل

پاکستان۔انڈیا پیپلز فورم فارپیس اینڈ ڈیموکریسی (پی آئی پی ایف پی ڈی) کی ہندوستانی شاخ نے پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ دو ہندوستانی صحافیوں کو واپس نہ بھیجے اور ان کے ویزوں کی تجدید کرے جن کی مدت ختم ہوچکی ہے ۔ پی آئی پی ایف پی ڈی کے عہدیداروں آشان ہنس اور جتن دیسائی نے آج یہاں اپنی مشترکہ اپیل میں کہا کہ اگست 2013ء سے پاکستان میں مقیم دو ہندوستانی صحافیوں کے ویزوں کی مدت مارچ میں ختم ہوچکی ہے ۔ اس وقت سے اب تک یہ دونوں صحافی ویزوں کی تجدید کے لئے سخت جدو جہد کررہے ہیں۔ ان کی جانب سے کوئی اشتعال انگیزی نہیں ہوئی ہے ۔ ایک صحافی مینا مینن کا تعلق روز نامہ"دی ہندو" سے ہے جب کہ دوسرے صحافی ایس فلپ کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے ۔ دیسائی نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ گزشتہ جمعرات کو انہیں صرف فون پر اطلع دی گئی اور ملک چھوڑنے کے لئے صرف ایک ہفتہ کاوقت دیا گیا ۔ ابھی تک کوئی سرکاری مکتوب نہیں بھیجا گیا ہے ۔ ہنس اور دیسائی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ہندوستانی صحافیوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کے سبب ایک اہم مرحلہ میں جب کہ ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات ہورہے ہیں ، غلط پیام جائے گا اور شاید اس سے صرف سخت گیر عناصر کی مدد ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا اور بالخصوص ہند۔ پاک کے عوام قریبی تعلقات اور کھلی ویزا پالیسی کے خواہاں ہیں ۔ لہذا ہماری رائے میں دونوں حکومتوں کو زیادہ سے زیادہ صحافیوں کو ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرنے کی اجازت دینی چاہئے ۔

Don't deport Indian journalists, forum urges Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں